پاکستان پوسٹ کی ہیلپ لائن صرف رسمی کارروائی کیلئے رہ گئی، صارفین کو مشکلات سامنا

پڑی درویزہ: پاکستان پوسٹ کا ہیلپ لائن نمبر صرف رسمی کارروائی کے لئے دیا گیا ہے ، دوران اوقات کار نمبر سے’’ مطلوبہ نمبر سے رابطہ ممکن نہیں ہوتا ‘‘ معمول کا جواب موصول ہوتا ہے ۔ ای میل کا ان بکس بھی اس قدر بھرا ہے کہ کوئی نئی ای میل ارسال ہی نہیں ہو سکتی ۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ اسلام آباد سے اصلاح احوال کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پوسٹ کی طرف سے سائلین کی شکایات کاازالہ کرنے کے لئے ہیلپ لائن نمبر051111111117 دیا گیا لیکن جب بھی اوقات کار صبح آٹھ بجے سے چار بجے کے دوران سائلین اس نمبر پر فون کرتے ہیں تو ایک ہی جواب ’’مطلوبہ نمبر سے رابطہ ممکن نہیں ‘‘ موصول ہوتا ہے۔
اسی طرح اگر کوئی سائل اپنی شکایت ای میل آئی ڈی [email protected] پر ای میل ارسال کرنا چاہے تو ڈاک بکس اس قدر بھرا پڑا ہے کہ نئی ای میل موصول ہونے کی گنجائش ہی نہیں ہے ۔
اس صورت حال کے پیش نظر شاکی سائلین نے مشترکہ بیان میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے تا کہ سائلین کی شکایات آسانی سے پہنچائی جا سکیں اور ازالہ بھی ممکن ہو سکے ۔