سوہاوہ کے باسی پانی کی بوند بوند کوترس گئے، پانی نایاب، عوام سراپا احتجاج

0 199

سوہاوہ کے باسی پانی کی بوند بوند کوترس گئے،پانی نایاب، انتظامیہ پانی دینے کے بجائے پانی کی عدم دستیابی کے باوجود شہریوں کو بل دینے پر مجبور کرنے لگی، اہلیان سوہاوہ سراپا احتجاج ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اہلیان سوہاوہ گزشتہ کئی ماہ سے پانی کی عدم دستیابی پر سراپا احتجاج ہے مگر انتظامیہ سمیت منتخب نمائندوں کی طرف سے شہریوں کے دیرینہ مطالبہ کو پورا کرنے کی بجائے انتظامیہ کی طرف سے مہنگائی سے ستائی عوام سے پانی کا زبردستی بل وصول کیا جا رہا ہے۔

ایم پی اے راجہ یاور کمال کی طرف سے متعدد بار سوہاوہ میں ڈیم کی منظوری کا اعلان صرف دعوؤں اور اعلان تک ہی محدود رہ گیا جبکہ میونسپل کمیٹی سوہاوہ کے لیے واٹر سپلائی سکیمیں سونے کی چڑیا بنی ہوئی ہیں، نہ آج تک اس سفید ہاتھی پر کروڑوں روپے مرمت کے نام پر خرچ ہونے کا آڈٹ ہو سکا اور نہ ہی کسی نے ان سکیموں سے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ کوشش کی۔

سروے میں شہریوں نے شدید احتجاج کیا کہ گزشتہ چند ماہ سے ہمیں پانی کی ایک بوند بھی نہیں دی گئی جبکہ بل وصول کرنے کے لیے میونسپل کمیٹی کا عملہ ہر ماہ پہنچ جاتا ہے، ہم بل کس بات کا دیں پہلے ہی مہنگائی نے کمر توڑ رکھی ہے، اوپر سے پانی کی عدم دستیابی کے باوجود ہم سے پانی کا بل مانگا جا رہا ہے۔

سروے میں شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی کی عدم دستیابی کا نوٹس لیں اور پانی کی عدم دستیابی پر بل لینے سے تحصیل انتظامیہ کو منع کیا جائے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.