سوہاوہ میں ایک اور انوکھی چوری، چور بجلی کے کھمبوں سے 6 کلومیٹر لمبی تاریں ہی اتار کر لے گئے

سوہاوہ کی تاریخ کی تین ماہ میں دوسری بار انوکھی واردات، چور بجلی کے کھمبوں سے گیارہ ہزار کے وی کی چھ کلو میٹر لمبی تاریں ہی چوری کر کے لے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ سوہاوہ کو تین ماہ قبل چیلنج کرتے ہوئے چوروں نے جی ٹی روڈ پر لگے کھمبوں سے چھ کلو میٹر لمبی گیارہ ہزار کے وی کی تاریں چوری کیں جس پر مقدمہ تو درج ہو گیا لیکن ملزمان نہ پکڑے گئے جس پر ملزمان نے ایک بار پھر پولیس تھانہ سوہاوہ اور آئیسکو آفس سوہاوہ کے عملے اور ایس ڈی او کی غفلت کا فائدہ اٹھاتے ایک بار پھر جی ٹی روڈ پر چلتی بجلی کے کھمبوں سے گیارہ ہزار کے وی کی چھ کلو میٹر لمبی تاریں چوری کر لیں۔
حیرت انگیز طور پر جی ٹی روڈ سے جہاں تاریں چوری کی گئیں وہاں سامنے پٹرولنگ پولیس کی چوکی بھی موجود ہے جبکہ موٹروے اور پنجاب پولیس کا گشت بھی رہتا ہے اس کے باوجود تاریں چوری ہوئیں۔ تین ماہ میں چوری کی گھنٹوں لمبی اس دوسری واردات نے آئیسکو واپڈا کے ملازمین و افسران کو مشکوک بنا دیا ہے۔
آئیسکو واپڈا کا موقف ہے کہ بجلی کی تاریں ایک کلو میٹر چوری ہوئی ہے۔