سوہاوہ کے علاقہ ٹنڈوئی میں محکمہ زراعت کی جانب سے گندم کے حوالے سے کسانوں سے میٹنگ

0 14

سوہاوہ: حالیہ سیلاب کی وجہ سے گندم کی پیداوار متاثر ہونے کاخدشہ ہے، اس لئے کاشتکاروں اور کسانوں کو اپنے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ گندم کاشت کرنی چاہیے تاکہ اس دفعہ ہمارے ان علاقوں سے گندم کی زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) جہلم چوہدری مقصود احمد نے محکمہ زراعت (توسیع) سوہاوہ کے زیر اہتمام تحصیل سوہاوہ کے گاؤں ٹنڈوئی یونین کونسل پیل بنے خان راجہ منیب کیانی کے ڈیرہ پر منعقدہ پروگرام برائے زیادہ پیداواری مہم گندم سال 2022-23 کے دوران کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے ماہرین اور کاشتکاروں کویہاں اکھٹا کرنے کا مقصد یہ ہے کہ کا شتکار بھائی گندم کی منظور شدہ اقسام کافی ایکڑ45 تا 50 کلو گرام گریڈڈ بیج کو پھپھوندی کش زہر لگا ئیں کھادوں کا متوازن استعمال کرتے ہوئے گندم کوبذریعہ ڈرل کاشت کریں۔

چوہدری مقصود احمد نے کہا کہ جڑی بوٹیوں کا موثر کنٹرول اور گندم کو شگوفے، گوبھ اور دانے کی دودھیا حالت میں آبپاشی کا انتظام کریں اور کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ گھریلو پیمانے پر سبزیات کی کاشت کوترویج دیں اور دھان کے مڈھوں کو ہر گز نہ جلائیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی سے بچا جا سکے اور فصلات کی پیداوار میں اضافہ اور کاشتکاروں کے مسائل کے ممکنہ حل کے لئے مفید مشورے دیئے گئے تاکہ کاشتکار بھائی امسال گندم کی بھرپور پیداوار حاصل کر کے اپنے ملک کو گندم کی پیداوار میں خود کفیل بنائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ کسانوں کو بروقت کھاد مہیا کی جائیاگر کھاد کی کوالٹی یا قیمت کے حوالے سے کاشتکاروں کو کوئی شکایت ہو تو محکمہ زراعت (توسیع) سوہاوہ کو اگاہ کریں ہم ذمہ داران کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائیں گے۔

ماہرین و آفسران محکمہ زراعت (توسیع) اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) سوہاوہ قاضی عبید الرحمٰن نے کاشتکاروں کو گندم کی بروقت کاشت اور پیداوار میں اضافہ کے لئے ماہرانہ آگاہی بھی دی۔ علاقہ بھر کے کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے اس فارمر ٹرینگ پروگرام برائے گندم 23-2022 میں شرکت کی اور محکمہ زراعت (توسیع) کی کاوشوں کو سراہا۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.