سوہاوہ میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے گندم سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، 2 ٹرک پکڑے گئے

سوہاوہ کے قریب جی ٹی روڈ ترکی ٹول پلازہ کے مقام پر آٹے اور گندم کے 2ٹرک سمگلنگ کرتے ہو ئے قبضے میں لے لیے، ٹرکوں سے 1800 بوریاں برآمد، مقدمات درج کر لئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر جہلم ارشد تارڑ نے آٹے اور گندم کی سمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے آٹے کی بوریوں سے لدے 2 ٹرک ترکی ٹول پلازہ سوہاوہ کے مقام پر قبضہ میں لے لیے، ٹرک سے 1800 آٹے کی بوریاں برآمد کر لی گئیں، آٹے کی بوریاں لاہور اور سیالکوٹ سے مبینہ طور پر صوبہ سے باہر سمگل کی جا رہی تھیں، محکمہ فوڈ کی جانب سے تھانہ میں مقدمات درج کروا دیئے گئے۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے کہا کہ قانون کے مطابق آٹے کی بوریاں سرکاری ریٹ پر فروخت کی جائیں گی، آٹے اور گندم کی سمگلنگ کے حوالے سے حکومت پنجاب زیرو ٹالرونس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ان کارروائیوں کا مقصد مارکیٹ میں آٹے اور گندم کی مقرر کردہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانا ہے۔