سوہاوہ میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، دوکانداروں کو وارننگ، تجاوزات ہٹا دی گئی

سوہاوہ: تحصیل انتظامیہ نے سوہاوہ شہر میں انکروچمنٹ کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
میونسپل کمیٹی کے انفورسمنٹ انسپکٹر راجہ شہزاد صفدر اور مرزا خرم کی سربراہی میں میونسپل کمیٹی کی ٹیم نے شہر کا دورہ کیا اور تمام دکانداروں کی غیر قانونی تجاوزات کو ختم کر کے وارننگ دی کہ اگر آئندہ غیر قانونی تجاوزات کی گئیں تو تجاوزات ہٹانے کے ساتھ ساتھ جرمانے بھی کئے جائیں گے۔
انفورسمنٹ انسپکٹرراجہ شہزاد صفدر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے سینئر افسران کی سرپرستی میں سوہاوہ شہر میں غیرقانونی تجاوزات کے خاتمے کیلئے نکلے ہیں لیکن ان غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ تحصیل انتظامیہ کو اس بات کا بھی احساس ہے کہ دکانداروں کو نقصان نہ ہو اسی سلسلے میں آج وہ بازار کا وزٹ کر کے بغیر کسی جرمانے کے غیر قانونی تجاوزات کو ہٹا رہے ہیں لیکن اگر یہ تجاوزات دوبارہ کی گئیں تو آئندہ غیر قانونی تجاوز کرنے والے دکانداروں کو جرمانے بھی کئے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوہاوہ ہمارا اپنا شہر ہے اور اسے صاف ستھرا رکھنا ہمارا فرض ہے شہریوں اور دکانداروں کو بھی چاہئے کہ وہ بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور تحصیل انتظامیہ سے تعاون کریں۔