سوہاوہ میں گھریلو گیس سلنڈر عوام کی پہنچ سے دور، 3500 روپے تک جا پہنچا

0 13

سوہاوہ: ذخیرہ اندوز مافیا کے بعد گیس سلنڈر مافیا بھی ناجائز منافع خوری کے چکر میں، گھریلو سلنڈر 3500 سے 3700 روپے کا فروخت ہونے لگا، قیمتیں کنٹرول کرنے والے ادارے اور انتظامیہ دفاتر تک محدود، ایڈمنسٹریٹر و اسسٹنٹ کمشنر دفتر کے اہلکاروں کی رپورٹس تک ہی محدود۔

تفصیلات کے مطابق سوہاوہ کے بازاروں میں ہر چیز کی دگنی قیمت دھڑلے سے وصول کی جا رہی ہے۔ سبزیاں باسی اور خراب فروخت کی جا رہیں وہ بھی مہنگے داموں، پٹرول پمپس کا عالم یہ کہ چار لیٹر پٹرول خریدنے پر صارف کو تین لیٹر پٹرول ملتا ہے اور ایک لیٹر کا چونا نہایت ہی مہارت سے لگایا جاتا ہے، پٹرول کی کم مقدار کی شکایات کی باوجود تا حال کوئی کارروائی دیکھنے میں نہیں آ سکی۔ جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامی اداروں کے اہلکار مفت پٹرول ڈلواتے ہیں جس کی وجہ سے ان پٹرول پمپس پر فرضی کارروائی کی جاتی ہے ۔

سوہاوہ میں 10 کلو کا گیس سلنڈر جس کی سرکاری قیمت 2500 ہے وہ ہر جگہ 3500 کا فروخت کیا جا رہا ہے، بہانہ یہ کہ ڈسٹری بیوٹر ہی مہنگا دے رہے ہیں جبکہ ضلع جہلم میں ایل پی جی کے تین سے چار ری فلنگ پلانٹس موجود ہیں۔

اس حوالے سے شہریوں نے کہا کہ کیا ضلعی انتظامیہ ان فلنگ پوائنٹس کو نہیں پوچھ سکتی؟ عام آدمی بجلی کا بل پورا نہیں کر پا رہا ا وپر سے گیس سلنڈر بھی من مانے نرخوں پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ سوہاوہ شہر میں انتظامیہ نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، سوائے ایک ہفتہ بعد بازار سے تجاوزات ہٹانے یا پھر رسمی کاروائی کے لیے دو تین دوکانداروں کو جرمانے کرنے کے لئے نظر آتی ہے۔

شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گیس سلنڈر کی قیمتوں سمیت تمام اشیائے خوردونوش کی قیمتیں اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے دفتر سے باہر نکلیں۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.