سوہاوہ میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ، چور 2 دوکانوں کا صفایا کر گئے

سوہاوہ میں چوری کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ، پولیس مجرموں تک پہنچنے میں بری طرح ناکام، چور 2 دوکانوں کا صفایا کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل سوہاوہ میں چور ایک بار پھر متحرک جبکہ پولیس روپوش نظر آتی ہے، ایک ہی دن میں دو دو دکانوں کے تالے توڑ کر چور شہریوں کو ہزاروں روپے کا نقصان پہنچا کر اور پولیس کی کارکردگی پہ ایک سوالیہ نشان چھوڑ کر رات کے اندھیرے میں غائب ہو جاتے ہیں اور جب ان وارداتوں کی اطلاع تھانہ سوہاوہ کو دی جاتی ہے تو بجائے شہریوں کی داد رسی کے انہیں اپنا گارڈ رکھنے جیسے مشوروں سے نوازا جاتا ہے۔
گزشتہ شب تھانہ سوہاوہ کی ناک کے نیچے سے چور میاں عبد القدوس کی دکان میاں آٹوز سے دو عدد بیٹریاں لے کر رفو چکر ہو گئے جس کی اطلاع مالکان نے تھانہ سوہاوہ کو دی تو ایک عجیب منطق تھانہ سوہاوہ کے افسران نے پیش کی کہ آپ اپنا گارڈ رکھ لیں جس پہ شہری اپنا سا منہ لے کے رہ گئے اسی رات کفیل اینڈ عقیل ٹک شاپ جو کہ بلکل تھانہ سوہاوہ کے قریب موجود ہے وہاں سے چور نقد 35000 روپے، 20000 روپے مالیت کے موبائل کارڈ کے ساتھ ساتھ ہزاروں روپے مالیت کی کولڈ ڈرنکس لے کر چلتے بنے۔
تھانہ سوہاوہ کے عقب میں موجود آٹے کی چکی کے تالے توڑ کر چور آٹے کے دو تھیلے نکال کر لے گئے یہ تمام وارداتیں صرف تین سے چار دنوں کے اندر اندر ہوئی ہیں جو کہ پنجاب پولیس کی بہترین کارکردگی کا پول کھول رہی ہیں ان تمام وارداتوں اور پولیس کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے شہری انتہائی خوف میں مبتلا ہیں کہ نہ جانے اگلی باری کس کی آئے اور بجائے نقصان کی تلافی کے تھانہ سوہاوہ ہمیں مفید مشوروں سے نوازے۔
شہریوں نے ڈی پی اوجہلم عامر خان نیازی اور ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ چوہدری الیاس سے اپیل کی ہے ان تمام وارداتوں کا نوٹس لیں اور ان تمام افسران جو شہریوں کی داد رسی کی بجائے انہیں صرف مشورے دیتے ہیں کی باز پرس کی جائے اور ان وارداتوں میں ملوث مجرمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے تاکہ ذہنی دباؤ کے شکار شہری سکون کا سانس لے سکیں۔