میاں نواز شریف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے وطن واپس آ رہے ہیں۔ راجہ اویس خالد

سوہاوہ: راجہ اویس خالد نے کہا کہ 21 اکتوبر کا دن دنیا بھر میں نئی تاریخ رقم کرے گا، اس دن پاکستان کی تاریخ میں استقبال کا وہ ریکارڈ قائم ہو گا جو شاید ستر سالوں میں کسی کا نہ ہوا ہو۔
سابق ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری راجہ محمد اویس خالد نے نواز شریف کی وطن واپسی کے فیصلے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کا سفر جہاں سے روکا گیا تھا اس سفر کو شروع کرنے کے لیے محب وطن، اس ملک کو اندھیروں سے نکالنے والا، اس ملک سے دہشت گردی ختم کرنے والا لیڈر میاں نواز شریف ہیں جنہوں نے عوام کو حقیقی معنوں میں خوشحالی کی طرف گامزن کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سوہاوہ سے 21 اکتوبر کو مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کے استقبال کے لیے ایک بہت بڑا قافلہ لے اپنے محبوب قائد کا استقبال کریں گے۔
سابق ایم پی اے راجہ محمد اویس خالد کا کہنا تھا کہ میاں محمد نواز شریف غریبوں کا درد رکھنے والا وہ لیڈر ہے جس نے غریب کو با عزت روزگار اور غریب کے بارے میں ہمیشہ سوچا۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کو میاں محمد نواز شریف ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے وطن واپس آ رہے ہیں اور آئندہ الیکشن میں پاکستان کو خوشحالی کے سفر پر گامزن کرنے کے لیے میاں محمد نواز شریف عوام کا انتخاب ہوں گے۔