سیکریٹریز یونین کونسلز کے آوٹ آف ڈویژن تبادلے، سوہاوہ کی تمام یوسی دفاتر کی تالہ بندی

0 114

پڑی درویزہ: صوبائی حکومت کی طرف سے آوٹ آف ڈویژن تبادلوں کے خلاف سیکریٹریز یونین کونسلز نے یوسی دفاتر کی تالہ بندی کر دی۔ ’’گاؤں چمکیں گے‘‘ پروگرام کا مکمل بائیکاٹ کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی نگران صوبائی حکومت کی طرف سے ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے سیکریٹری یونین کونسلز اور دیگر ملازمین کو اپنے ڈویژن سے بیرون تبادلہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

مذکورہ حکم کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے صوبہ بھر کی طرح تحصیل سوہاوہ کی 10 یونین کونسلز، پھلڑے سیداں، پنڈ متے خان، لہڑی، اڈرانہ، سوہن، ڈومیلی، نگیال، ججیال اور کوہالی کے سیکریٹریز نے مشترکہ طور پر ہڑتال کر دی ہے۔ یونین کونسل دفاتر کو مکمل تالے لگا دیے گئے ہیں۔

تمام سیکریٹریز نے بازوؤں پر احتجاج کے طور پر سیاہ پٹیاں باندھ لی ہیں۔ ان سیکریٹریز نے احتجاج اس وقت تک جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے جب تک صوبائی حکومت کی طرف بلاجواز آؤٹ آف ڈویژن تبادلے کے نوٹیفیکیشن کو منسوخ نہیں کیا جاتا۔

ہڑتال کرنے والے تمام سیکریٹریز نے کہا ہے کہ اب وہ اس ملازم دشمن نوٹیفیکیشن کی واپسی تک دیہات کے مجوزہ صفائی پروگرام ’’گاؤں چمکیں گے‘‘ کا مکمل بائیکاٹ کریں گے۔ اس صورت حال کے پیش نظر علاقہ بھر کے عوام کو پیدائش، اموات، نکاح اور طلاق کے سرکاری اندارج کے لئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

عوامی سماجی حلقوں نے صوبہ پنجاب کی نگران حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مزکورہ مسئلہ کو فوری طور پر حل کر نے کے لئے مثبت اقدامات کیے جائیں تا کہ ان عوامی خدمات کے دفاتر کے ملازمین میں پائی جانے والی اضطرابی کیفیت پر قابو پایا جا سکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.