بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ کیخلاف جماعت اسلامی کا ڈومیلی میں احتجاج

سوہاوہ/ڈومیلی: بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ کیخلاف جماعت اسلامی کا ڈومیلی میں احتجاج، ڈاکٹرقاسم محمود، سید ضیاء اللہ بخاری اور حبیب رضاء بٹ کی خصوصی شرکت، اہلیان ڈومیلی نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈومیلی میں جماعت اسلامی کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافے اور ٹیکسوں کیخلاف احتجاج کیا۔ نجی میرج ہال سے بس سٹاپ تک ریلی نکالی گئی، ریلی میں حکومت اور واپڈا کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔
احتجاج میں اہلیان ڈومیلی اپنے حق کیلئے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری امیدوار برائے ایم پی اے حلقہ پی پی 25، سید ضیاء اللہ بخاری ایم این اے حلقہ این اے 60 اور حبیب رضابٹ صدر جماعت اسلامی یوتھ نے خصوصی شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔
انہوں نے خطاب میں کہا کہ آئے روز بجلی کے بلوں میں ٹیکس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے، ان سے جمع ہونے والی رقم سے حکمرانوں کی عیاشیاں بڑھ رہی ہیں جبکہ غریب متوسط طبقہ بھوکا پیاسا مر رہا ہے۔ بےتحاشہ بجلی کے بلوں نے غریب عوام سے ایک وقت کا نوالہ بھی چھین لیا۔
انہوں نے کہا کہ مزدور کی دیہاڑی ایک ہزار روپے ہے جبکہ اس کا بجلی کا بل 20 ہزار سے زائد آیا، وہ اپنے بچوں کا پیٹ پالے یا بجلی کا بل جمع کرائے۔ حکومت کو فی الفور اضافی ٹیکس اور اضافہ واپس لے ورنہ عوام کا سمندر پھر مجبورا باہر نکلے گا۔