کسی سے کوئی مخالفت نہیں، ناراض کارکنان کے گلے دور کروں گا۔ راجہ اویس خالد

سوہاوہ: مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری راجہ اویس خالد نے سوہاوہ کے صحافیوں سے ملاقات کی جس میں تحصیل سوہاوہ کے مسائل اور ان کے حل کے امور زیر بحث آئے۔
اس موقع پر راجہ اویس خالد کا کہنا تھا کہ ن لیگ سے ان کی نسبت ہمیشہ رہے گی میں صرف اچھے وقت کا ساتھی نہیں پارٹی کے سیاسی اتار چڑھاؤ میں قدم بقدم ن لیگ کے ساتھ کھڑا رہوں گا مقامی سطح پر میری کسی سے بھی کوئی مخالفت نہیں ناراض کارکنان کے گلے دور کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتا لیکن پچھلی حکومت نے ہمارے ووٹرز کے ساتھ تھانہ کچہری کی سیاست کر کے انتقامی سیاست کا بیج بویا ہے جسے ہر صورت پھلنے پھولنے سے روکنا ہماری زمہ داری ہے اگر میں اقتدار میں آیا تو میں ن لیگ اور پی ٹی آئی یا کسی بھی دیگر پارٹی کے کارکنان کو ایک ہی نظر سے دیکھوں گا تھانہ کچہری کی سیاست کرنا میرا منشور نہیں۔
راجہ اویس خالد نے کہا کہ تحصیل سوہاوہ کی عوام کے مسائل کو دور کرنا میری اولین ترجیحات ہیں، مجھ سے پہلے میرے والد راجہ خالد مرحوم نے تحصیل سوہاوہ کیلئے وہ کام کئے جو ان کے بعد آج تک کوئی نہیں کرسکتا، میرے والد نے سوہاوہ کو تحصیل کا درجہ دلوایا، ڈگری کالج بنوایا، ٹی ایچ کیو ہسپتال بنوایا سوہاوہ کی عوام کیلئے سڑکوں کا جال بچھایا، مجھے فخر ہے کہ میں ایسے شخص کا بیٹا ہوں جو اپنے حلقے کی عوام کے درد کو اپنا درد سمجھتا تھا۔
میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے راجہ اویس خالد نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ ہوتے ہیں اور میں چاہتا ہوں کہ میں اپنی کمی اور کوتاہیوں کو آپ کی آنکھ سے دیکھوں۔ میرے دروازے ہر خاص و عام کیلئے ہمیشہ کی طرح کھلے ہیں اگر مجھے موقع ملا تو میں اپنی عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کروں گا کیونکہ میرا اور سوہاوہ کی عوام کا خمیر ایک ہی مٹی سے بنا ہے۔