سوہاوہ میں ٹریفک کے 2 خوفناک حادثات میں کالج کی 6 طالبات سمیت 8 افراد شدید زخمی

سوہاوہ: جی ٹی روڈ پر ٹریفک کے 2 خوفناک حادثات میں کالج کی 6 طالبات سمیت 8 افراد شدید زخمی، روڈ پر پھسلن کے باعث کالج کی بس ٹرک کے ساتھ جا ٹکرائی جبکہ دوسرا حادثہ سوزوکی اور شہزور کے مابین پیش آیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا۔
تفصیلات کے مطابق سوہاوہ کے قریب جی ٹی روڈ پر ٹریفک کے 2 خوفناک حادثات پیش آئے۔ پہلا حادثہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج چیچیاں آزاد کشمیر کی بس جوکہ راولپنڈی کی طرف جا رہی تھی روڈ پر پھسلن کے باعث ترکی ٹول پلازہ کے مقام پر ٹرک سے جا ٹکرائی۔
حادثہ سے بس میں سوار 6 طالبات آصفہ ولد غلام مصطفیٰ، وحیدہ ولد عبدالکریم، اقراء ولد عزیز، مہرین ولد بشارت، انیسہ ولد مجید اور مقدس ولد اورنگزیب ساکنائے میر پور شدید زخمی ہو گئیں۔
دوسرا حادثہ القادر یونیورسٹی کے قریب پیش آیا، لوڈر سوزوکی اور شہزور کے درمیان پیش آیا جس سے 2 افراد کلثوم زوجہ جہانگیر اور محمد یسیٰن ولد پیر بخش شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122موقع پر پہنچ گئی اور زخمیو کو فوری طور پر طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کیا۔