یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور خریداری کی حد مقرر

0 7

اسلام آباد: وزیراعظم ریلیف پیکج کے باوجود یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی، آٹے اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ اور عام صارفین کیلیے خریداری کی حد مقرر کردی گئی ہے۔

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذرائع نے بتایا کہ چینی کی فی کلو قیمت میں 19 روپے، گھی کی فی کلو قیمت 75، آٹے کے بیس کلو تھیلے کی قیمت میں 496 روپے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری ہوگیا۔

یوٹیلٹی کارپوریشن کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل مستحق افراد پر نئی قیمتوں کا اطلاق نہیں ہوگا بلکہ وہ پرانے ریٹ پر آٹا، گھی اور چینی خرید سکتیں گے۔

ذرائع کے مطابق یوٹیلٹی کارپوریشن نے وزیراعظم پیکچ کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز پر رکھی اشیائے ضروریہ پر ٹارکٹڈ سبسڈی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت صرف بے نظیر انکم سپورٹ میں رجسٹرڈ مستحقین کو قیمتوں میں ریلیف دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی کی ماہانہ خریداری کی حد 5 سےکم کر کے 3 کلو جبکہ گھی کی ماہانہ خریداری کی حد 5 سے کم کر کے 3 کلو اور آٹے کی ماہانہ خریداری کی حد 40 سے کم کر کے 20 کلو مقرر کردی گئی ہے۔

یوٹیلٹی کارپوریشن کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ صارفین کے لیے سامان کی موجودہ حد برقرار رہے گی، بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ صارفین ماہانہ 40 کلو تک آٹا اور پانچ پانچ کلو تک چینی اور گھی خرید سکیں گے۔

قیمتوں میں اضافے اور حد کا اطلاق یکم جنوری 2023ء سے ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر ہوگا۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.