کھیوڑہ ٹرانسپورٹرز نے ضلعی انتظامیہ کے احکامات کی خلاف ورزی کو معمول بنا لیا

کھیوڑہ (شعیب کھوکھر) ٹرانسپورٹرز نے ضلعی انتظامیہ کے احکامات کی خلاف ورزی کو معمول بنا لیا، انتظامیہ بھی خاموش ہے۔
کھیوڑہ شہر کے دل پر وار کرنے والے وادی توبر کے خونی حادثہ کے بعد کئے گئے اقدامات پر ضلعی انتظامیہ کی گرفت ڈھیلی پڑ گئی۔ مک مکا یا نااہلی، ڈی سی جہلم کے واضح احکامات کے باوجود ہیوی ٹرانسپورٹ چلانے کے خواہشمندوں نے جوتوں کی نوک پر رکھ لیا۔
دن دیہاڑے ہیوی ٹرانسپورٹ سڑکوں پر گشت کرنی لگی۔ اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نے بھی اس اہم معاملہ کو پس پشت ڈال دیا۔ کسی مزید سانحہ کا خدشہ ہے۔ کھیوڑہ کے باسیوں کی اپنے بچوں کے کچلے جانے کے وسوسوں سے نیندیں حرام ہیں۔
عوامی و سماجی حلقوں نے ڈی سی جہلم اور مقامی انتظامیہ سے مطالبہ دہرایا ہے کہ اس سے پہلے کہ کوئی ڈمپر پھر وادی توبر کے خون سے رنگین چھینٹوں کی یاد دلائے اپنے احکامات پر عمل کروا لیں کیونکہ اکثر کئی بڑی گاڑیاں وقت سے پہلے کھیوڑہ کی سڑکوں پر گشت کرتی پائی جاتی ہیں۔