پنڈدادنخان کے علاقہ چک حمید میں کبڈی میچ کا انعقاد، کھلاڑیوں نے اپنے فن کے جوہر دکھائے

پنڈدادنخان: کبڈی ہماری ثقافت کا اہم حصہ ہے، گزشتہ روز نواحی علاقہ چک حمیدمیں شاندار طمانچے دار کبڈی کا میچ ہوا۔ جہاں کھلاڑیوں نے انتہائی مہارت سے اپنے فن کے جوہر دکھائے، کبڈی میچ میں آنے والے معزز مہمانوں اور شائقین کبڈی نے بھر پور شرکت کی اور لطف اندوز ہوئے۔
کبڈی میچ کو دیکھنے آنے والے مہمانوں میں شہزاد احمد گوندل، ممبر صوبائی اسمبلی حاجی چوہدری ناصر محمود لِلہ، ڈائریکٹر اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نوابزادہ طالب مہدی، سابق چیئرمین یونین کونسل دھریالہ جالپ، چوہدری مظفر اقبال، آصف محمود ملک، راجہ عمران حیدر، راجہ تیمور لیاقت، معروف نعت خواں نصیر احمد چشتی، صحافیوں میں طارق مغل، لقمان یاسین، نذیر لِلہ، عامر لِلہ اور دیگر شامل تھے۔
اس حوالے سے کبڈی کے معروف کھلاڑی ملک فیاض نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کبڈی ہمارے پنجاب کا ثقافتی کھیل ہے جسے زندہ رکھے ہوئے ہیں، کھیلوں سے نوجوان صحت مند ،چست و توانا زندگیاں گزارتے ہیں جہاں کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں کے ہسپتال ویران ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے بچانے کیلئے کھیلوں کو فروغ دے رہے ہیں۔آخر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔