محتسب پنجاب نے پنڈدادنخان سمیت مختلف علاقوں میں عوامی گذرگاہوں کو مرمت کے بعد بحال کرا دیا

پنڈدادنخان: محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کے حکم پر جی ٹی روڈ کے واڑہ گجراں سے جلو موڑ کے علاقہ میں نئی سیوریج لائن بچھانے کے لئے محکمہ مقامی حکومت نے تقریباً 148 ملین روپے سے ترقیاتی سکیم تیار کرلی ہے جبکہ ڈسپوزل اسٹیشن کے لئے مناسب جگہ کے حصول کے لئے محکمہ مال کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔مذکورہ منصوبہ رواں مالی سال میں مکمل کرلیا جائے گا۔
یہ اقدام واڑہ گجراں کے رہائشی عثمان گجر کی شکایت پر اٹھایا گیا ہے جس نے اپنی درخواست میں دفتر محتسب پنجاب کو بتایا کہ مناسب ڈرینج سسٹم نہ ہونے کی بناء پرلوگ بیماریوں میں مبتلا ہیں اور علاقہ گندے پانی کا جوہڑ بن چکا ہے۔
ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ دفتر محتسب پنجاب کی جانب سے عوامی درخواستوں پرکارروائی کے نتیجہ میں پنڈ دادن خاں،مین بازار گوجر خان،ساہیوال، اٹک اور اوکاڑہ کے علاقوں میں 9214029 روپے سے عوامی گذرگاہوں کو ضروری مرمت کے بعد بحال کردیا گیا ہے جس سے مقامی آبادی کی تکالیف کا ازالہ ہوا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ دفتر محتسب پنجاب کی جانب سے منچن آباد بہاولنگر کے ذوالفقار علی کی جانب سے طالب علموں پرتشدد کرنے والے اساتذہ کے خلاف کارروائی کی درخواست پر جاری احکامات پر عمل کرتے ہوئے مذکورہ نجی سکول کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی ہے جبکہ دفتر محتسب پنجاب کے نوٹس ہائے کی عدم تعمیل پر شاہدہ حفیظ سی ای اوضلعی تعلیمی اتھارٹی بہاولنگر کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت کارروائی کے لئے مجاز اتھارٹی کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔