کھیوڑہ میں ہیوی ٹریفک کی بندش کے باعث کاروباری حلقے اور تاجر متاثر ہونے لگے ہیں۔ تاجر برادری

پنڈدادنخان: کھیوڑہ جوکہ انڈسٹریل زون ہے ،ہیوی ٹریفک کی بندش کے باعث کاروباری حلقے اور تاجر متاثر ہونے لگے، کھیوڑہ شہر کے تاجروں اور دیہاڑی دار مزدروں نے دادرسی کے لیے ٹریفک بندش کے نوٹیفکیشن پر نظر ثانی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان کو درخواست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم کے دوسرا بڑا شہر جوکہ قدرتی خزانوں کا بڑا ذخیرہ بھی ہے چند روز قبل ٹریفک کے افسوس ناک واقع کے بعد ضلعی انتظامیہ نے نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں صبح سات سے رات دس بجے تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند کر دیا۔
دن کے وقت شہر میں ٹریفک نہ ہونے کے باعث ہوٹل مالکان ،مکینک ،آٹو سپیئر پارٹس شاپس اور نمک منڈی میں کا م کرنے والے سینکڑوں دیہاڑی دار مزدر متاثر ہونے لگے جبکہ دن کے وقت شہر میں ریت بجری اور پانی کی ٹینکیوں کا داخلہ بند ہونے سے بھی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
تاجر برادری اور ورکس شاپس والوں نے اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان کو دی گئی مشترکا درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ٹائم ٹیبل کے علاوہ اگر اوور لوڈنگ کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرواتے ہوئے معاملات زندگی معمول کے مطابق کردیئے جائیں تو حادثات میں نمایاں کمی کے ساتھ ساتھ ہمارے کاروبار اور مزدری بھی بحال ہوجائے گی اور اگر اس اہم مسلہ پر نظر ثانی کرتے ہوئے موثر اقدامات نہ کیے گئے تو مزدروں سمیت تاجر برادری کے گھروں میں فاقہ پڑ جائے گا۔
تاجروں نے ڈی سی جہلم، اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان اور ڈی ایس پی ٹریفک پولیس جہلم سے اپیل کی ہے کہ اس معاملہ کا فوری حل نکالتے ہوئے ہماری دادرسی کی جائے اگر حالات اسی طرح رہے تو ہم احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔