یونین کونسل جلالپور شریف کے باسی آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی بنیادی سہولیات سے نا آشنا

پنڈدادنخان: یونین کونسل جلالپور شریف کے باسی آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی بنیادی سہولیات سے نا آشنا، منتخب عوامی نمائندوں کی عدم دلچسپی کے باعث جلالپور شریف میں مسائل کے انبار لگ گئے، سڑ کیں کھنڈر، گندگی کے ڈھیر ، نکاسی آ ب کے ناقص انتظامات ،ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے مکین منتخب عوامی نمائندوں سے مایوس ہو کر رہ گئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم کی یونین کونسل جلالپور شریف کے شہری آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، برسراقتدار آنے والی حکومت بھی عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کر رکھی ہے ، منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی عوام کے بنیادی مسائل بارے آگاہ ہونے کے باوجود بت بنے ہوئے ہیں۔ شہری حکومت کو کوستے نظرآتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب اور وفاق میں اقتدار کے مزے لوٹنے شروع کر رکھے ہیں، یونین کونسل جلالپور شریف میں ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے عوام ایک بار پھر پتھر کے دور میں چلے گئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے اور ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز جاری نہ کئے تو یونین کونسل جلالپور شریف موہنجوداڑو کے کھنڈرات کی منظر کشی کرنے لگے گی اور عوام بنیادی سہولیات نہ ملنے کیوجہ سے سڑکوں پر ہونگے جسے حکمرانوں کو سنبھالنا مشکل ہو جائے گا۔
شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم کی قدیمی یونین کونسل جلالپور شریف کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں اور فنڈز جاری کئے جائیں تاکہ شہری بنیادی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔