سینئر ایڈووکیٹ ہائی کورٹ حافظ مظہر جاوید کو سماجی خدمات پر خصوصی شیلڈ سے نوازا گیا

پنڈدادنخان: ادبستان کے بانی اقدس ہاشمی نے سینئر ایڈووکیٹ ہائی کورٹ حافظ مظہر جاوید کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے خصوصی شیلڈ پیش کی۔
اس موقع پر ہیلپ ٹرسٹ کے چیئر مین نے بانی ادبستان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے ٹرسٹ کے مختلف سماجی کاموں اور ملک کے مختلف حصوں میں جاری سماجی و رفاعی خدمات کے بارے میں بتایا اور خصوصی طور پر پنڈ دادنخان سے ہیلپ ٹرسٹ کے صدر حافظ اطہر عثمان کی کاوشوں کا سہراہا۔
ادبستان کے بانی اقدس ہاشمی نے کہا کہ خلق خدا کی خدمت بھی عبادت ہے آج کے مشکل دور میں رفاعی و سماجی خدمات سرانجام دینا انسانیت سے محبت کا اعتراف ہے، ادب بھی ہمیں یہ ہی سیکھاتا ہے پسے ہوئے اور بے سہارا لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کر کے انسانیت کو زندہ رکھا جائے اور محبت بانٹی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ادبستان کے پلیٹ فارم سے ادب سے لگاؤ رکھنے والے نوجوانوں کو ایسے مواقع فراہم کیئے جائیں جس سے وہ باآسانی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے میں الگ پہچان پائیں اور اپنی مادری زبان اردو کو بہتر طریقہ سے سمجھ سکیں، انشاء اللہ ملک بھر میں ادبستان کے پلیٹ فارم سے ادبی سماجی و رفاعی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ادبی سماجی و رفاعی شخصیات کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریبات کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔