پنڈدادنخان میں گرانفروشی عروج پر؛ دودھ،گوشت اور سبزی فروٹ کی قیمتوں میں سو فیصد اضافہ

پنڈدادنخان: پوری تحصیل پنڈدادنخان میں گرانفروشی عروج پر،، دودھ،گوشت اور سبزی فروٹ کی قیمتوں میں سو فیصد اضافہ، اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان ائیر کنڈیشن کمرے تک محدود، تحصیل بھر کی عوام سراپا احتجاج، ڈپٹی کمشنر جہلم سے نوٹس کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق پوری تحصیل پنڈدادنخان میں گرانفروشی عروج پر ہے، دودھ،گوشت اور سبزی فروٹ کی قیمتوں میں سو فیصد اضافہ ہو گیا ہے۔مارکیٹ کمیٹی پنن وال اور اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان کی طرف سے جو ریٹ لسٹ دی جاتی ہے اس کے مطابق ایک بھی چیز نہیں ملتی ہے۔
ایک ہی گاؤں میں سبزی فروٹ کے من مانے ریٹ مقرر ہیں کیونکہ ان گراں فروشوں کو انتظامیہ کی پشت پناہی حاصل ہے کیونکہ وہ سرعام کہتے ہیں کہ انتظامیہ ہم سے منتھلیاں لیتی ہے اسی لیے تو ہم من مانے ریٹ اور بازاروں پر قبضہ کیے ہوئے ہیں۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ محکمہ لائیو سٹاک کے آفیسر بھی فرضی کارروائیاں کر کے نذرانے وصول کرتے ہیں۔
تحصیل پنڈدادنخان کی غریب اور سادہ لوح عوام نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے ان گرانفروشوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ یہی لوگ جو خود ساختہ ریٹ بڑھاتے ہیں وہی انتظامیہ کو بْرا بھلا کہتے ہیں کہ انہوں نے ریٹ بڑھا دیئے ہیں اور دکانداروں کو ہدایت کی جائے کہ جس طرح سستا رمضان بازار میں سبزی فروٹ پریٹ والی پرچی لگائی جاتی ہے وہ بھی اسی طرح اپنی دکانوں پر سبزی فروخت کے اندر پرچی لگا کر مال فروخت کریںتا کہ ہر آدمی کو ریٹ کا پتہ چل سکے۔