تحصیل پنڈدادنخان کی مین رابطہ سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہیں۔ راجہ قیصر، راجہ انور

پنڈدادنخان: تحصیل پنڈدادنخان کی سڑکیں جو کہ کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہیں، کھیوڑہ تا چوآسیدن شاہ، پنڈدادنخان تا جہلم منڈی بہاؤالدین سمیت دو اضلاع کو ملانے والی سڑکیں تباہ حال ہیں۔
ان خیالات کا اظہار صدر CBAایل سی آئی کھیوڑہ راجہ قیصر اور سالٹ مائن ورکر یونین کے جنرل سیکرٹری راجہ انور نے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے سے ملانے والی واحد سڑک لِلہ روڈ جوکہ زیر تعمیر تھی فنڈ نہ ہونے کے باعث کام روک دیا گیا ہے، کچی سڑک پر سفر کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے جبکہ مون سون کے موسم میں بارشوں کے دوران تحصیل پنڈدادنخان سڑکوں پر پانی جمع ہونے باعث حادثات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان کی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہیں، اتحادی حکومت فوری فنڈز ریلیز کرے،خستہ حال سڑکوں کی وجہ سے سیاحوں نے کان نمک کا رخ کرنا بھی چھوڑ دیا ہے، خستہ حال سڑکوں کے باعث مریضوں کو دوسرے شہر منتقل کرنا انتہائی مشکل ہوچکا ہے۔ مریضوں کو دوسرے شہر منتقل کرنا امتحان سے کم نہیں کھنڈر سڑکوں کے باعث اکثر مریض راستے میں ہی دم توڑ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان انڈسٹریل زون ہے جو حکومت کو اربوں روپے سالانہ ٹیکس دے رہی ہے لیکن پھر بھی تحصیل پنڈدادنخان پسماندگی کا شکار ہے۔ ہمارے ذرائع آمدورفت سے لے کر پینے کے پانی، طبی سہولیات و دیگر بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ہیں ٹوٹی سڑکوں اور سہولیات کے فقدان کے باعث کوئی سرکاری ملازم پنڈدادنخان میں ڈیوٹی لگوانے کو تیار نہیں ہوتا۔ کالجوں، ہسپتالوں میں عملہ کی کمی اسی وجہ سے ہے۔