تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان میں پینے کا پانی نایاب ہوگیا

پنڈدادنخان: تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان میں پینے کا پانی نایاب ہوگیا، مریضوں کے لواحقین دربدر، مسجد میں نماز یوں کے لئے پانی دستیاب ہے نہ واش روموں میں پانی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان کی وسیع و عریض بلڈنگ میں درجنوں کوارٹروں، ایمرجنسی بلاک، درجنوں دفاتر، چالیس مریضوں کے وارڈز سمیت 700 سے زائد مریض روزانہ ہسپتال کو وزٹ کرنے والے آؤٹ ڈور مریضوں کی ضرورت کے لئے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال میں پانی کا صرف ایک انچ کا کنکشن موجود ہے جو کہ کسی طرح بھی چند افراد کی ضرورت کی کو پورا نہیں کر سکتا۔
ہسپتال میں آنے والے مریض، ان کے لواحقین مسجد اور دفاتر سمیت اگر تمام بلڈنگ میں پانی کی ضرورت کا حساب لگایا جائے تو سپلائی کردہ پانی اس کا دس پرسنٹ بھی نہیں بنتا، ہسپتال کے وارڈ میں داخل مریضوں کے لواحقین اپنے بیماروں کی پریشانیوں کے ساتھ ساتھ پانی نہ ملنے کے باعث انتہائی پریشانی مبتلاہیں۔
پانی کی تلاش میں دربدر عوام کا سی ای او ہیلتھ اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ ہے کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کی پانی کی ضرورت کو تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے ذریعے یا تحصیل کے وسائل استعمال کرنے والی کسی پرائیویٹ فیکٹری سے پورا کرایا جائے۔