دنیا کی دوسری بڑی کان نمک کھیوڑہ میں عید کی چھٹیوں میں ہزاروں سیاحوں کی آمد

0 79

پنڈدادنخان: ایشیاء کی سب سے بڑی اور دنیا کی دوسری بڑی کان نمک کھیوڑہ میں عید کی چھٹیوں میں ہزاروں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری، کان نمک کی سیر کے لیے آنے والے سیاحوں کے لیے پی ایم ڈی سی انتظامیہ اور کھیوڑہ پولیس کی جانب سے بہترین انتظامات کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے موقع پر ملک بھر سے ہزاروں سیاحوں نے ایشیاء کی سب سے بڑی اور دنیا کی دوسری بڑی کان نمک کھیوڑہ کا رُخ کیا اور سالٹ مائن کھیوڑہ کا وزٹ کرتے ہوئے اللہ تعالی کے کرشموں کا نظارہ کرتے ہوئے خوب محظوظ ہوئے۔ کان نمک کھیوڑہ جوکہ قدرتی طور پر سردیوں میں گرم اور گرمیوں میں ٹھنڈی ہوتی ہے جس کو دیکھنے کے لیے دنیابھر سے سیاح ضلع جہلم کے دوسرے بڑے شہر کھیوڑہ آتے ہیں اور قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

امسال بھی عید الفطر کے موقع پر کان نمک کھیوڑہ کی سیر کے لیے سیاحوں کا تانتا بندھا ہوا ہے، پی ایم ڈی سی پراجیکٹ منیجر ملک نعیم، ریزارٹ انچارج شاہد خٹک، جنرل سیکرٹری ورکر یونین راجہ انور، سکیورٹی انچار ج سینئر گائیڈر محمد عابد و دیگر انتظامیہ کی جانب سے کان نمک کی سیر کے لیے آنے والے سیاحوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے جبکہ کھیوڑہ پولیس چوکی کے عملہ نے بھی شہر میں امن و امان اور ٹریفک کی بحالی کے بہترین انتظامات کئے۔

اس موقع پر پی ایم ڈی سی کے پراجیکٹ منیجر ملک نعیم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کان نمک کھیوڑہ کی سیر کے لیے آنے والے سیاح ہمارے مہمان ہیں اور ہمارے لیے قابل احترام ہیں انکو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، دنیا بھر سے سیاح کان نمک کھیوڑہ کی سیر کے لیے آتے ہیں جو ہمارے لیے فخر کی بات ہے، ہماری پوری کوشش ہوتی ہے کہ انکو بہترین نظام کے تحت کان نمک کھیوڑہ کی سیر کروائی جائے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.