پنڈدادنخان انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی، شہری فری آٹے کے حصول کے لیے رل گئے

پنڈدادنخان انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی کے باعث شہری فری آٹے کے حصول کے لیے رل گئے، تاریخی رمضان پیکج آٹا لینے والوں کا آٹے کے بقایا دو تھیلے لینے کے لیے رش جوں کا توں، کھیوڑہ پنڈدادنخان میں بھی آٹے کے باقی دو تھیلوں کا حصول مشکل ہوگیا، عوام خالی ہاتھ گھروں کو لوٹنے لگے، جلالپور شریف میں سینکڑوں افراد کے لیے آٹے کے صرف 100 تھیلے آئے ہیں، عوام سراپا احتجاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنڈدادنخان کے نواحی قصبہ جلالپور شریف میں بقایا آٹے کے 2 تھیلوں کے حصول کیلئے لوگ قطاروں میں کھڑے رہے جبکہ سینکڑوں افراد کے لیے یوٹیلٹی سٹور پر آنے والا 100 تھیلے آٹا چند منٹوں میں ختم ہو گیا، لوگ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود انتظار کرتے رہے لیکن فری آٹا نہ مل سکا۔
مضافاتی علاقوں سے آنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ ہم دو سو سے تین سو کرایہ خرچ کر کے محض قطار میں کھڑے ہونے کیلئے آتے ہیں اور خالی ہاتھ واپس لوٹ جاتے ہیں جبکہ کھیوڑہ پنڈدادنخان میں بھی یہ ہی صورت حال ہے عوام کو آٹے کے بقایا دو تھیلے لینے کے لئے چکر لگوائے جاتے اور کہا جاتا ہے کہ آپ کے شناختی کارڈ پر مکمل آٹا دے دیا گیا ہے، ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ انتظامیہ اپنے من پسند افراد کو نوازنے میں مصروف ہے۔
علاقہ مکینوں نے کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے اپیل کی ہے کہ تحصیل پنڈدادنخان اور بالخصوص یونین کونسل جلالپورشریف اور گردو نواح کے افراد کی ایک بڑی تعداد بقایا کے دو تھیلوں کا میسج آنے کے باوجود خالی ہاتھ لوٹ جاتی ہے لہٰذا یونین کونسل جلالپورشریف میں وافر مقدار میں آٹا فراہم کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ حکومت کہ اس تاریخ ساز پیکج سے مستفید ہو سکیں اور چیک اینڈ بیلنس کے موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ غریب عوام کا حق ان تک پہنچ سکے۔