رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سفید پوش لوگوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔ لالہ رخ

پنڈدادنخان: رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سفید پوش لوگوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، یہ ایسے لوگ ہوتے ہیں جنہیں بغیر تصاویر کے مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار ماہر تعلیم لالہ رخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں اب سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ مختلف رفاعی تنظیمیں صرف اور صرف اپنی پبلسٹی اور اپنی شہرت کی خاطر دکھاوے کی مدد کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خدارا اگر سیلفی اور تصاویر لینی بھی ہیں تو صرف اور صرف ان لوگوں کی لیں جو آپ کو اجازت دیں۔اگر سفید پوش طبقے کو ہم سیلفی اور تصاویر کو پبلک کرتے رہیں گے تو ایک دن یہ طبقہ بیچارا گھٹ گھٹ کر ہمارے حقوق العباد کے حوالے سے سوالیہ نشان چھوڑ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سب رفاعی تنظیموں کو چاہیے کہ رمضان المبارک میں مستحقین اور سفید پوش طبقے کے لیے دستر خوان لگائیں لیکن ان کی عزت نفس کا بھی خاص خیال رکھیں اور بابا عبد الستار ایدھی کی رفاعی خدمات کو سامنے رکھ کے دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کرتے رہیں، اس کا اجر صرف اور صرف آپکو رب کی ذات دے گی۔