تحصیل پنڈدادنخان میں تجاوزات مافیا کا راج، سڑکیں اور بازار سکڑ گئے

پنڈدادنخان: تحصیل پنڈدادنخان میں تجاوزات مافیا کا راج، سڑکیں اور بازار سکڑ گئے، انتظامیہ کی ملی بھگت یا غفلت؟ بازاروں میں راہگیروں کوشدید پریشانی کا سامنا، کھیوڑہ شہر میں بنائے گئے واک وے پر بھی تجاوزات مافیا کا راج، دکانوں سے کئی کئی فٹ باہر سامان، ریڑی بانوں اور بے دریغ ٹریفک پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک جام معمول بن گیا ،انتظامیہ کارروائی سے گریزاں، کمشنر راولپنڈی سے اصلاح و احوال کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل پنڈدادنخان میں تجاوزات کی بھرمار سڑکیں بازار سکڑ گئے، سکول و کالج کی چھٹی کے ٹائم ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا، پنڈدادنخان ،شالیمار چوک ،محمدیہ چوک اور پنڈدادنخان بازار میں انتظامیہ کی نااہلی کے باعث تجاوزات مافیا کاراج ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی سمیت پیدل چلنے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شالیمار چوک اور محمدیہ چوک پنڈدادنخان میں انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے دکانوں کے سامنے اور اطراف پر دکانوں سے باہر رکھا گیا سامان اور ریڑی بانوں نے قبضہ جمایا ہوا ہے جس کے باعث بازار آنے والوں اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اسی طرح کھیوڑہ مہر نذر چوک سے لے کر کھیوڑہ پولیس چوکی تک مغرب سائیڈ کی جانب واک وے کے قریب تک متعدد دکانوں کے باہر سامان ،ریڑی بانوں نے ڈیرے جمائے ہوئے ہیں جبکہ ٹریکٹر ٹرالیوں اور بڑی گاڑیوں کی جگہ جگہ بے دریغ پارکننگ کے باعث ٹریفک کی روانی میں مشکلات ہوتی ہیں۔
عوامی سماجی حلقوں نے کمشنر راولپنڈی ،ڈی سی جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کو فوری طور پر ختم کروایا جائے اور بڑی گاڑیاں رکشے وغیرہ اسٹینڈ اور لاری اڈا میں کھڑے کرنے کا پابند کیا جائے تاکہ معمول کے مطابق ٹریفک کی روانی بحال رہ سکے۔