ضلع جہلم کے سرکاری ہسپتالوں میں کافی حد تک بہتر انتظامات ہیں۔ ڈاکٹر نعیم اختر

پنڈدادنخان: محکمہ ہیلتھ ضلع جہلم کے لئے ذمہ دارانہ خدمات کے لئے بھر پور کردار ادا کریں گے، ضلع بھر میں سرکاری ہسپتالوں میں کافی حد تک بہتر انتظامات ہیں جہاں جہاں کچھ کمی بیشی ہے بہت جلد دور کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ضلع جہلم ڈاکٹر نعیم اختر نے صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرائض کی ادائیگی میں ذمہ داری اور ایمانداری کو ملحوظ خاطر رکھنے والے محکمہ صحت کے ملازمین قابل قدر اور باعث فخر ہیں اور غفلت برتنے والوں کو خلوص اور پیار سے بریفنگ دی امید ہے سخت اقدامات کی ضرورت نہیں ہوگی۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر نے تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال پنڈدادنخان، سول ہسپتال کھیوڑہ اور خصوصاً چک جانی ہسپتال کے عملہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے دفتر کے دروازے ہر خاص عام کے لئے کھلے ہیں محکمہ صحت ضلع جہلم کے اداروں یا افسران و اہلکاروں کے بارے تحفظات ہوں تو آگاہ کیا جائے انشاءاللہ شکایات کا ازالہ کریں گے۔
سینئر صحافی صفر علی خان نے ڈاکٹر نعیم اختر کی توجہ اپنے آبائی گاؤں ہرن پور سرکاری ہسپتال کی طرف مبذول کراتے ہوئے چوبیس گھنٹے سروس کی درخواست کی جس پر چیف ایگزیکٹو آفیسر نے مثبت اور جلد کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔