پاکستان عوامی تحریک ہی چہروں کی بجائے نظام بدل سکتی ہے۔ چوہدری عبدالغفور

0 61

پنڈدادنخان: پاکستان عوامی تحریک ہی چہروں کی بجائے نظام بدل سکتی ہے، علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری عرصہ دراز سے نظام کی تبدیلی کے لئے تبلیغ کر رہے ہیں، آئندہ انتخابات میں شیخ الاسلام کے حکم سے عوامی تحریک بھر پور حصہ لے گی۔

ان خیالات کا اظہارصدر پاکستان عوامی تحریک ضلع جہلم و سابق چیئرمین ناظم یونین کونسل ساؤوال الحاج چوہدری عبدالغفور نے صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے قائد کا چوروں اور لٹیروں سے سمجھوتا ناممکن ملک میں اسلامی قانون کے نفاذ کے لئے پاکستان عوامی تحریک اور پروفیسر ڈاکٹر علامہ محمد طاہرالقادری بہترین کردار نبھا سکتے ہیں۔

ضلعی صدر نے کہا کہ پاکستانی عوام کو روٹی کپڑا مکان بھی مل چکے ووٹ کو عزت بھی مل گئی، باقی ساری کمی مدینہ کی ریاست کے دعویداروں نے نکال دی، ملک پاکستان کو تباہی کے دہانے تک پہنچانے میں تمام جماعتوں نے اپنا اپنا کرداربھرپور طریقے سے ادا کیا، اگر پاکستانی عوام نے اب بھی سبق نہ سیکھا تو اس ملک کا اللہ وارث۔

چوہدری عبدالغفور نے کہا کہ وطن عزیز کو تماشا بنانے والے خودایک دن تماشہ بن جائیں گے، اس ملک کو امن کا گہوارہ بنانے اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے ہمیں مل جل کر سوچنا ہوگا، اقتدار کی ہوس کے پجاریوں کی پہچان کرنا ہوگی، موروثی سیاست کے خاتمے کا راگ الاپنے والوں کو سمت درست کرتے ہوئے غوروفکر کی ضرورت ہے۔

صدر عوامی تحریک ضلع جہلم نے مزید کہا کہ آزمائے گئے چہروں کو بار بار آزمانے کی بجائے ملک سے کھلواڑ کرنے والوں کا احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.