قبضہ مافیا ہو یا سماج کا دشمن کسی بھی مافیا سے رعایت نہیں کریں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان

پنڈدادنخان: قبضہ مافیا ہو یا سماج کا دشمن کسی بھی مافیا پررعایت نہیں کریں گے، کسی کو عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں، محکمہ مال ہو یا تحصیل کا کوئی ادارہ سب اپنا قبلہ درست کر لیں، تحصیل کے عوام کی خدمت اولین ترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار نئے تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان انور علی کانجو نے سینئر صحافی صفر علی خان سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ منافع خوروں اور ناقص اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تسلسل سے جاری رہیں گی، عوام دشمن عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
انور اعلی کانجو نے کہا کہ میرے دفترکے دروازے ہر خاص وعام کے لئے بغیر کسی ریفرنس کھلے ہیں دوران ملاقات خاص وعام میں تفریق نہیں۔ کسی بھی ادارے کے فرض شناس اور دیانت دار افسران و اہلکار میرے لئے قابل احترم ہیں جبکہ بددیانت اور کام چوروں سے کسی صورت سمجھوتا نہیں، تحصیل بھر میں قبضہ مافیا اور سماج دشمن عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔
انور علی کانجو نے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان کے لوگوں کا اندازہ چند روز میں ہوگیا کہ محبت کرنے والے لوگ ہیں، انشاءاللہ دوران تعیناتی عوامی مشکلات کا ازالہ اولیں ترجیح ہوگا اور بلا تفریق عوامی مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش ہوگی، تحصیل بھر میں ناجائز منافع خوروں کو غریب عوام کو لوٹنے نہیں دیا جائے گا، ان کے خلاف تسلسل سے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا اور عوام بے ضابطگیوں کی نشاندہی کریں، انشاءاللہ قانون کے مطابق بلا تفریق کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔