سول لائن روڈ جہلم پر لگائے گئے پودے انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث سوکھنے لگے

جہلم: سول لائن روڈ پر لگائے گئے پودے انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث سوکھنے لگے، شہرکی رونقیں ماند پڑنے لگیں، ڈپٹی کمشنر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت لگائے گئے پودے مرجھانے لگے، انتظامیہ نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم سے لا تعلقی اختیارکر لی، اندرون شہر سمیت جی ٹی روڈ کے اردگرد اور وسط میں لگائے گئے خوبصورت پودے پانی نہ ملنے کی وجہ سے مرجھانے لگے، میونسپل کمیٹی کے عملے کی عدم توجہی کے باعث آوارہ مویشی پودوں کو کچلنے لگے۔

شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سابق دور میں محکمہ جنگلات کی انتظامیہ نے ضلعی انتظامیہ کی سرپرستی میں لاکھوں، کروڑوں پودے لگائے جس سے شہر کی خوبصورتی میں غیر معمولی اضافہ ہوا، سابق حکومت کے ختم ہوتے ہی میونسپل کمیٹی کے عملے نے سڑکوں پر آوارہ مٹر گشت کرنے والے مویشیوں کی پکڑ دھکڑ چھوڑ دی ہے اور پودوں کو پانی دینے کا سلسلہ بھی معطل کر دیا ہے جس کی وجہ سے سڑکوں پر لگائے گئے سرسبز و شاداب پودے مرجھانے لگے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پچھلے کئی ماہ سے سول لائن روڈ اور جی ٹی روڈ کے وسط اور دونوں اطراف میں لگائے گئے پودے مناسب دیکھ بھال نہ ہونے اور بروقت پانی نہ ملنے کی وجہ سے سوکھ رہے ہیں، اگر انتظامیہ نے دلچسپی نہ لی تو خوبصورت پودوں کا نام و نشان مٹ جائے گا۔

شہریوںنے ڈپٹی کمشنر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیاہے کہ آوارہ میویشیوں کی روک تھام کے لئے حکمت عملی مرتب کی جائے اور پودوں کی دیکھ بھال کے لئے روزانہ کی بنیاد پر پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تا کہ سرسبز و شاداب پودوں سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ممکن ہو سکے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button