شدید گرمی جان لیوا ہیٹ سٹروک کا باعث بن سکتی ہے، شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ڈاکٹر شعیب حسین کیانی

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے میڈیکل سپرٹنڈنٹ ڈاکٹر شعیب حسین کیانی نے شدید گرمی کی جاری لہر میں شہریوں کو ہیٹ سٹروک سے بچنے کیلئے مکمل احتیاط کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شدید گرمی جان لیوا ہیٹ سٹروک کا باعث بن سکتی ہے اس لیے شہری اس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ہیٹ سٹروک سے متاثرہ مریضوں کو تمام طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ بخار،جسم پر دانے، تیز نبض،غنودگی،ہیٹ سٹروک اورشدید پسینہ، پیلاہٹ، الٹی، متلی،قے، سردرد گرمی کی شدت سے نڈھالی کی علامات ہیں، ہیٹ سٹروک کی صورت میں مریض کو ٹھنڈی ہوا دار جگہ پر رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ تیز بخار کی صورت میں ٹھنڈے پانی کی پٹیاں کریں،ہیٹ سٹروک سے بچنے کیلئے شہری غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں، سر،گردن اورچہرے کو ڈھانپ لیں،ورزش اور مشقت سے پرہیز کریں،ڈھیلے ڈھالے، ہلکے رنگ کے کپڑے زیب تن کریں،چھتری اور پانی کی بوتل ساتھ رکھیں،دن میں تازہ پانی سے تین چار بارغسل کریں۔

انہوں نے کہا کہ نمکول والے پانی کااستعمال وقفے وقفے سے کریں، ایئرکنڈیشنڈکے ٹھنڈے ماحول سے ایک دم باہر نہ نکلیں بلکہ بتدریج برآمدہ میں کچھ دیر ٹھہر کر باہر نکلیں، اسی طرح دھوپ سے ٹھنڈے کمرے میں آنے سے پہلے سائے میں پسینہ خشک کریں اورہمیشہ پسینہ خشک کرنے کے بعد تازہ پانی سے نہائیں۔

انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال میں مریضوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جہاں تمام آلات اور طبی سہولیات موجود و فعال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی میں ادویات اور وارڈز میں ڈاکٹرز مریضوں کا خود چیک اپ کرتے ہیں جبکہ ہسپتال کی انتظامیہ ہمیشہ فعال اور چست رہتی ہے۔ گائنی،ایمرجنسی سروسز، میڈیکل، آرتھوپیڈک سمیت تمام شعبوں میں ہسپتال کے معالجین پر عوامی اعتماد انہیں مزید بہتری کیلئے حوصلہ اور طاقت فراہم کرتا ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button