جہلم میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ سے شہری پریشان

جہلم: سبزیوں ، پھلوں کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ سے شہری پریشان، انتظامیہ سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد کروانے میں بری طرح ناکام، شہریوں کا نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق شہراور گردونواح میں سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے خوردونوش کی مہنگے داموں فروخت کا سلسلہ نہ رک سکا۔ مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر پھلوں اور سبزیوں کی ریٹ لسٹیں تاخیر سے جاری کی جاتی ہیں مگر شہر میں موجود بازاروں میں دکاندار ان ریٹ لسٹوں کو نظر انداز کر کے نمایاں جگہ پرآویزاں کرنے کی بجائے زیرزمین دفن کر دیتے ہیں۔

اس طرح بااثر دکاندارمضافاتی علاقوں سے آنے والے سادہ لوح صارفین کو لوٹ رہے ہیں ،جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گرمی کا سامنا کرنے کی بجائے ٹھنڈے دفتروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔

شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ انتظامیہ نے صرف ماہ رمضان کے مہینے میں چیک اینڈ بیلنس کا نظام فعال بنانے کے لئے حکمت عملی بنارکھی ہے جبکہ بقایا 11 مہینے دکانداروں کو لوٹ مار کرنے کے لئے دے دیئے جاتے ہیں جو کہ غریب سفید پوش طبقہ کے ساتھ سخت زیادتی کے مترادف ہے۔

شہریوں نے نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ ضلع جہلم میں فرض شناس، ایماندار شہریوں کے مسائل حل کرنے والے افسران کو تعینات کیا جائے تاکہ ضلع جہلم میں نافذ جنگل کے قانون کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button