ن لیگ کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو کی بجائے نوٹ کو عزت دو ہے۔ چوہدری فراز حسین

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو کی بجائے نوٹ کو عزت دوہے، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے خود کو اپنی مرضی سے ای سی ایل سے نکال لیا، اس طرح 100 سے زائد ممبران اسمبلی کو ای سی ایل سے نکالنا ملک و قوم کے ساتھ سخت زیادتی کے مترادف ہے۔

یہ بات انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان عید کے بعد لانگ مارچ کی کال دیں گے، قومی سلامتی کمیٹی نے سابق فیصلے کی توثیق کی کہ سازش ہوئی اور دھمکی آمیز خط موصول ہوا ، نواز شریف لندن میں بیٹھ کر سازش کا مرتکب ہواہے ، پاکستانی سفیر سے ڈونلڈ لوکی ملاقات ہوئی اگر اس خط کے معاملے پر ٹھیک طرح تحقیقات نہ ہوئیں تو ملکی سالمیت پر سوالیہ نشان رہے گا۔

چوہدری فراز حسین نے کہا کہ پشاور ، کراچی اور لاہور کے جلسوں میں دنیا نے دیکھ لیا، قوم عمران خان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ، موجودہ امپورٹڈ مخلوط حکومت میں تمام نہلے دہلے اکٹھے ہوچکے ہیں ، آصف علی زرداری اور نواز شریف نئے جنرل الیکشن سے بھاگ نہیں سکیں گے، جعلی اقتدار ان کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ وزیراعظم نے اقتدار میں آتے ہی قانون کی دھجیاں اڑا دی ہیں ، 16 ارب روپے مقصود چپڑاسی کے چھپانے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے ، اسامہ بن لادن سے نواز شریف نے اربوں روپے لئے ، جس کا تذکرہ خود محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی کتاب میں کیا تھا ملکی حالات سنگین تر ہوتے جارہے ہیں جو جہانگیر ترین اور علیم خان کو کہتے تھے دونوں کرپٹ ہیں آج وہ انہیں کس منہ سے پارسا کہہ رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button