پچھلے چند ہفتوں سے ضلع بھر میں جرائم میں غیرمعمولی اضافہ، شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ فراز چوہدری

جہلم: پچھلے چند ہفتوں سے ضلع بھر میں جرائم میں غیر معمولی اضافہ، شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب امن و امان بحال رکھنے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہلم سمیت پنجاب بھر میں امن و امان کی صورتحال تیزی کے ساتھ بگڑ رہی ہے ، چوریاں ڈکیتیاں، لوٹ مار، رہزنی ، قبضے، جھوٹے مقدمات میں اچانک غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے ، پنجاب کے حکمرانوں نے امن و امان پر توجہ دینے کی بجائے پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ کو روکنے کے لئے پنجاب کے تمام اضلاع میں ایسے افسران تعینات کئے ہیں جن پر نیب سمیت دیگر اداروں میں مقدمات زیر سماعت ہیں۔

فراز چوہدری نے کہا کہ حکمرانوں نے اچھی شہرت کے حامل افسران کو تعینات کرنے کی بجائے ڈھونڈ ڈھونڈ کرکرپٹ، بدعنوان افسران کو تعینات کیا تاکہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کرنے کی بجائے حکمرانوں کی حفاظت کی جائے احتجاج ہر شخص کا بنیادی حق ہے حکمران احتجاج کا سامنا کرنے کی بجائے احتجاج کرنے والوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے لئے پنجاب پولیس کو استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد انتخابات ہونگے اور انشاء اللہ عمران خان بھاری اکثریت سے وزیراعظم پاکستان منتخب ہونگے، ایسے کردار جو بے گناہ ورکرز کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں ان کے ساتھ حساب کتاب کیا جائے گا۔ ضلع جہلم پنجاب کے 36 اضلاع میں سے سب سے زیادہ پرامن ضلع تصور کیا جاتا ہے ، موجودہ ڈی پی او کی ناقص حکمت عملی کیوجہ سے ضلع بھر میں چوری ، ڈکیتی کی وارداتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جو کہ حکمرانوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

اس موقع پر سابق ناظم چوہدری وجاہت وسیم ، چوہدری رضوان منور، علی جٹ، چوہدری اعجاز،ملک محمد یاسین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button