چوہدری عابد اشرف جوتانہ نے این اے 67 سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا

پنڈدادنخان: سابق تحصیل ناظم راجہ افتخار شہزاد کی طرف سے دیئے جانے والے افطار ڈنر کے موقع پر حلقہ این اے 67 سے چوہدری عابد اشرف جوتانہ نے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔

افطار ڈنر کے موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان کی پسماندگی اور زبوں حالی کی جڑ یہاں سے ایم این اے کا منتخب نہ ہونا ہے، تحصیل کی بندر بانٹ ہو رہی تھی، آمدن والے علاقے ضلع چکوال کو دیئے جا رہے تھے لیکن یہاں سے منتخب ایم این اے خاموش رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پیر کھارا سمیت علاقہ تھل کے معدنیات اگلتے پہاڑ غیر فطری تقسیم کے ذریعے چکوال کے حوالے کیے جا رہے تھے ایم این اے خاموش تھے، غریب وال کے سر سبز علاقے اور چراگاہیں چکوال کی دسترس میں جارہی تھیں لیکن ایم این اے خاموش رہے۔

چوہدری عابد اشرف جوتانہ نے کہا کہ جپسم، کوئلہ کے ذخائر سے مالامال کھیوڑہ کے پہاڑ میلوں اترائی تک غیر منصفانہ چکوال کے قبضے میں گئے لیکن، ایم این اے خاموش رہے، اس کی وجہ یہ تھی کہ تحصیل کی سرزمین نہ ان کی تھی اور نہ ان کو اس کی کوئی تکلیف تھی، تمام تر طاقت اور ضلعی انتظامیہ کی طاقت کو ہمیشہ ایم این ایز نے عوام کی بجائے اپنے مفادات کے لئے استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہاں سے منتخب ہونے والے مقامی ایم پی اے، ڈسٹرکٹ ناظم، ضلعی چیئرمین اور تحصیل ناظمین سمیت دیگر یونین ناظمین بھی ہمیشہ بے دست و پا اور انہی کے مرہون منت رہے، یہاں سے منتخب ہونے والی مقامی قیادت تمام تر خواہشات کے باوجود بھی تحصیل پنڈدادنخان کی عوام کے لیے ان لوگوں کی وجہ سے کچھ نہ کر پائے۔

چوہدری عابد اشرف جوتانہ نے کہا کہ انشاء اللہ تحصیل پنڈدادنخان کی عوام ایک نئے جذبے ولولے اور اپنی دھرتی اپنا قائد کے نعرے کے ساتھ میدان میں اتری ہے اور تحصیل پنڈدادنخان کی مقامی قیادت نے عہد کر لیا ہے کہ آئندہ ہم کسی باہر سے آنے والے شخص کو اپنے سر کا تاج نہیں بنائیں گے۔

اس موقع پر سابق تحصیل ناظم راجہ افتخار شہزاد نے کہا کہ طاقت کا منبع ہمیشہ سے ہی ایم این اے کی سیٹ رہی اور تحصیل پنڈدادنخان کی یہ بدقسمتی رہی ہے کہ اسے کبھی بھی یہ سیٹ میسر نہیں آئی، اب تحصیل کے لیڈروں سمیت سیاسی ورکروں اور عام عوام نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ صرف اپنے ایم پی اے منتخب کرا لینے سے ہماری یہ محرومیاں کبھی بھی دور نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اب ایم این اے بھی اپنے علاقے سے لانا ہوگا جس کے لیے ہم نے تحریک کا آغاز کردیا، ہمارا نعرہ ہے اپنی دھرتی اپنا قائد آج میں اس موقع پر اعلان کرتا ہوں کہ حلقہ این اے 67 سے تحصیل پنڈدادنخان کی عوام کا نمائندہ چوہدری عابد اشرف جوتانہ ہوگا اور ہم تمام لوگ مل کر میدان میں اتریں گے اور انشاء اللہ فتح مقدر ہوگی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ایم پی اے راحیلہ مہدی نے کہا کہ جب تک ایم این اے نہ چاہے ایم پی اے جتنا مرضی زور لگا لیں اپنی مرضی کے مطابق اپنے علاقوں میں کام نہیں کرا سکتا یہی وجہ ہے کہ تحصیل پنڈدادنخان سے منتخب ہونے والے لوگ اپنے علاقے کو ترقی نہ دلا سکے جو اس علاقے کا حق تھا، اب موقع ہے عوام اپنی سوجھ بوجھ سے کام لیتے ہوئے گزشتہ ادوار میں ہونے والی اپنی محرومیوں کا ازالہ کر سکتے ہیں اور سیاسی پارٹیوں کے پیچھے دوڑنے کی بجائے ایسی قیادت کو منتخب کریں جو ان کے درمیان ہو۔

علاقہ دارا پور سے آئے ہوئے سید مطلوب شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پنڈدادنخان کی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی اے تو آپ لوگوں کا حق ہے اور ان کی مجبوری، مجھے تو افسوس یہ ہے کہ آج تک آپ لوگ اپنا ایم این اے منتخب نہ کرا سکے اور چالیس سال سے اپنی پگڑی دوسروں کے سر رکھتے رہے۔

تقریب میں خصوصی طور پر نوجوان تعلیم یافتہ رئیس اعظم چک شادی سابق تحصیل راجہ اشفاق احمد مرحوم کے صاحبزادے راجہ رضوان اشفاق نے پہلی بار سیاسی خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری کو اڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ چک شادی نے ہمیشہ اپنے دوستوں کے ساتھ وفا کی ہے، وفاؤں کا یہ سلسلہ ہمیشہ سے کی، عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اور آئندہ بھی رہے گا، جو کچھ تحصیل کے عوام کے لیے بہتر ہوگا ہمارے لئے وہ سب سے بہتر ہے جو تحصیل کے لیے درست نہیں وہ ہمارے لیے بھی درست نہیں۔

افطار ڈنر کے اس موقع پر تحصیل بھر سے مہمانوں کی تواضع کا اہتمام کیا گیا تھا، افطار ڈنر پارٹی پر سیاسی ماحول غالبا رہا، تقریب میں سابق چیئرمین ضلع کونسل راجہ قاسم علی خان، سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی علامہ راجہ مظہر علی خان، سابق چیئرمین بلدیہ ملک مصدق اسلم کھیوڑہ چوہدری مسعود خان کھوتی، چوہدری اقبال کھوتی، راجہ امانت علی خان، چیئرمین یونین کونسل چک شادی راجہ لیاقت علی خان، ملک ظہیراعوان، خواجہ سہیل عباس منتظر مہدی کے علاوہ دیگر سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button