ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہی مہلک مرض کے پھیلاؤ کو روک سکتا ہے۔ بابر ظہیر

جہلم: ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس جہلم کے زیر اہتمام انسداد ڈینگی مہم کے تحت آگاہی سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔

بابر ظہیر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر جہلم نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی بخار سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہی اس مہلک مرض کے پھیلاؤ کو روک سکتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ ایسے اقدامات کیے جائیں کہ ڈینگی مچھر کی افزائش نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں گھروں، دفاتر اور گردونواح کی صفائی، بارش کے پانی کے نکاس کو یقینی بنانا، پوری آستین کا لباس، گھروں میں رکھے گئے گملوں، برتن اور کاٹھ کباڑ میں پانی جمع نہ ہونے دینا جبکہ مچھر کے کاٹے سے بچنے کیلئے مچھر بھگاؤ لوشن کا استعمال کیا جائے تو ہم بحیثیت معاشرہ اس موذی مرض کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب نے اپنے دستیاب تمام وسائل اس مرض کے پھیلاؤ کو روکنے اور علاج کے لیے وقف کردئیے ہیں کسی بھی ممکنہ ڈینگی وائرس سے متاثرہ فرد کو فوراً محکمہ صحت حکومت پنجاب کے ہسپتال میں رابطہ کرکے فوری اور بہترین علاج اور خدمات سے استفادہ کرنا چاہیے۔

آگاہی سیمینار کے شرکاء نے ماڈل فیملی پلاننگ سنٹر سے پرانے نادرا دفتر کی جانب آگاہی واک بھی کی تاکہ عوام الناس میں ڈینگی بخار بارے آگاہی فراہم کی جاسکے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button