ایپکفا نے تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے پر ضلع کچہری سے جہلم پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی

جہلم: ایپکفا نے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے پر ضلع کچہری سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی، محنت کشوں کی ریلی کی قیادت پنجاب پی ڈبلیو ڈی ایمپلائز یونین کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید صلاح الدین ایوبی نے کی۔

تفصیلات کے مطابق آل پاکستان آل محکمہ جات کلاس فور ایسوسی ایشن ایپکفا نے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ نہ کرنے پر ضلع کچہری سے پریس کلب تک پرامن احتجاجی ریلی نکالی۔

جہلم پریس کلب کے باہر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب پی ڈبلیو ڈی ایمپلائز یونین کے سیکرٹری جنرل سید صلاح الدین ایوبی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی سوئی گیس سمیت اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ مہنگائی کے پیش نظر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں پھوٹی کوڑی کا بھی اضافہ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے درجہ چہارم کے ملازمین کسمپرسی کی زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں۔

موجودہ تنخواہوں میں بڑی مشکل کے ساتھ یوٹیلیٹی بلز ادا کر رہے ہیں ،بچوں کی تعلیم، شادی بیاہ سمیت دیگر معاملاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو کر رہ گئے ہیں، ملازمین نے حکمرانوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی، آئی ایم ایف مردہ باد، امپورٹڈ حکومت مردہ باد کے نعرے بلند کرتے رہے، مظاہرین نے حکومت کے خلاف بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔

اس موقع پر مزدور رہنما حاجی محمد افضل بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ سرکاری اداروں میں خدمات سرانجام دینے والے درجہ چہارم کے ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے تاکہ ملازمین اپنی سفید پوشی کا بھرم قائم رکھ سکیں۔

اس موقع پر ضلعی سیکرٹری محمد عمران، محمد اشفاق، چوہدری صفدر، سلیم کیانی، ملک قاسم، مقصود شاہ، چوہدری نعیم، وقاص جمیل نے بھی محنت کشوں سے خطاب کئے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button