پاک فوج کے خلاف ہرزاسرائی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ سید خلیل حسین کاظمی

جہلم: معروف سیاسی و سماجی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے کہا ہے کہ ضلع جہلم شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے ، پاک فوج کے خلاف ہرزاسرائی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پاک فوج کے حق میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، ریلی مدرسہ انجمن تعلیم السلام شمالی محلہ جہلم سے نکالی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نہ صرف پاکستان کی دفاعی اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ اور ضامن ہے بلکہ وطن عزیز کی سلامتی ، ترقی ، خوشحالی اور عالم اسلام کے ہر اول دستے کا کردار ادا کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف جھوٹا بے بنیاد اور گھناؤنا پروپیگنڈہ عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان نفرت پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش ہے ، ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے جنہوں نے خون کے نذرانے دیکر ملک کی حفاظت کی اور وطن دشمنوں کو ہرمحاذپر شکست دی پاک فوج کے خلاف کسی بھی طرح کی زبان ، تحریر اور دیگر ذرائع سے کی جانے والی سازشیں کرنے والوں کے ہاتھ توڑ دیئے جائیں گے۔

انہوں نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے بغیر ملکی سلامتی ناگزیر ہے ، اور ضلع جہلم سمیت ملک بھر کے محب وطن پاک فوج کی قربانیوں پر پاک فوج کے جوانوں اور سپہ سالار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ سیاسی پارٹیوں کے اراکین اپنی سیاسی دکانیں چمکانے کے لئے پاک فوج پر تنقیدکرنے سے باز رہیں گے اور افواج پاکستان کیخلاف کسی بھی قسم کا منفی بیان دینے سے گریز کیا جائے ، پاکستان کے غیور، نڈر، دلیر، باغیرت عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

سید خلیل حسین کاظمی نے ریلی سے خطاب کے دوران مسلح افواج کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم کی دھرتی نے ہزاروں ، لاکھوں عسکری مجاہد پیدا کررکھے ہیں اور ضلع جہلم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وطن عزیز کا سب سے بڑا فوجی اعزاز نشان حیدر بھی جہلم کے میجر ملک محمد اکرم شہیدکے حصے میں آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم کی عوام کی اکثریت کی رشتہ داریاں پاک فوج کے حاضر سروس، ریٹائرڈ افسران اور جوانوں کے ساتھ ہیں اور جہلم کی عوام ہمیشہ کی طرح دفاع وطن کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والی افواج پاکستان کے ہر اول دستے کے ساتھ کھڑی ہے ، ہم سیاسی قائدین کو خبردار کرتے ہیں کہ پاک فوج پر تنقید کرنے کی بجائے اپنے گریبانوں میں جھانکیں ،پاک فوج کے مجاہد راتوں کو جاگ کر سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں اورہمارے بچے اور پاکستانی عوام سکھ کی نیند سوتے ہیں ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button