رمضان المبارک رحمتوں، برکتوں والا مہینہ ہے۔ سید خلیل حسین کاظمی

جہلم: رمضان المبارک رحمتوں ، برکتوں والا مہینہ ہے، اس ماہ مبارک میں مومنین کا رزق بڑھا دیا جاتا ہے اللہ رب العزت رحمت کے سارے دروازے کھول دیتے ہیں اور شیاطین کو پابند سلاسل کر دیا جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہارشہر کی معروف مذہبی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے مدرسہ تعلیم الاسلام شمالی محلہ میں صحافیوں کے وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ روزہ خالق و مخلوق کے درمیان پوشیدہ عمل ہے اور روزہ اللہ رب العزت کی خوشنودی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، خالق کائنات کا فرمان ہے کہ روزہ میرے لئے ہے اور میں ہی اس کا اجر دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہی وہ پاک مہینہ ہے جس کا ذکر قرآن پاک میں آیا ہے رمضان المبارک کے ایک روزے کی اسلام میں اتنی اہمیت و فضیلت ہے کہ اگر وہ چھوڑ دیا جائے تو چاہے ساری زندگی انسان روزے رکھتا رہے اس ایک فرض روزے کی کمی کو پورا نہیں کیا جا سکتا۔

سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ یہ ہم سب کی خوش قسمتی ہے کہ ہم نبی آخر الزماں ﷺ کے امتی ہیں اور ہمارے اوپر انعام و اکرام کی بارش ہو رہی ہے۔ روزہ نفس پر قابو پانے کا بہترین ذریعہ ہے یہ انسان کو صبر سکھلاتا ہے یہ ماہ مبارک نیکیوں کی لوٹ سیل کا مہینہ ہے جس میں سنت کا ثواب فرض اور فرض کا ثواب 70گنا بڑھا دیا جاتا ہے ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button