حضرت ابوبکر صدیقؓ وہ صحابی رسول ہیں جن کی چار پشتیں صحابی رسول ہیں۔ سید خلیل حسین کاظمی

0 7

جہلم: شہر کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے کہا ہے کہ خانقاہی نظام نے ہمیشہ مخلوق خدا کی تربیت و کردار سازی اس طرح کی کہ اس دنیا میں انسان صرف اور صرف رب کریم کی رضا و خوشنودی حاصل کرنے کیلئے آیا ہے اور یہ سبق دیا جاتا ہے کہ ہم دوسروں کی بجائے اپنا محتسب کیوں نہیں بنتے اور بروز قیامت ہمیں دوسروں کے نہیں بلکہ اپنے اعمال کا حساب دینا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ تعلیم الاسلام شمالی محلہ جہلم میں 22 جمادی الثانی کی مناسب سے حضرت ابو بکر صدیق کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اتباع رسول مقبولؐ کے ذریعے ہم اپنے دلوں کا تزکیہ اور باطنی طہارت حاصل کر سکتے ہیں۔ اسی اتباع رسول مقبولؐ سے حضرت ابو بکر صدیقؓ فیضیاب ہوئے اور ہمیشہ کے لئے آپ کا نام نامی چمکتا دمکتا رہے گا۔ حضرت ابو بکر صدیقؓ نے دربار رسالت مآب ﷺ میں اپنا سب کچھ نثار کر کے قیامت تک آنے والی امت کو یہ تعلیم دی کہ سب کچھ عشق و غلامی مصطفیٰ میں ہی ہے۔

سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ غلامی مصطفی کو اختیار کر کے مردوں میں سب سے پہلے ایمان لا کر اور معراج النبی ﷺ کی تصدیق کر کے حضرت ابو بکر صدیقؓ مقام صداقت و عشق سے سرفراز ہوئے۔ 22 جمادی الثانی کو حضرت ابو بکر صدیقؓ سے نسبت ہے اور حضرت صدیق اکبرؓ کے بے شمار فضائل و مناقب میں یہ باتیں خاص طور پر قابل ذکر ہیں کہ قرآن کریم کی 32 آیات میں آپ کی شان نازل ہوئیں۔

انہوں نے حضرت ابوبکر صدیقؓ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت ابو بکر صدیقؓ وہ صحابی رسول ہیں جن کی چار پشتیں صحابی رسول ہیں، عشرہ مبشرہ میں شمولیت اور بروز قیامت اللہ تعالی کی آپ پر خصوصی تجلی فرمانا وہ شانیں ہیں جو صرف حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے حصہ میں آئیں۔

سید خلیل حسین کاظمی نے مزید کہا کہ آج بھی امت مسلمہ اگر خلوص نیت اور سچے دل سے اُسی صدیقی جذبے کو اختیار کر لے تو کوئی وجہ نہیں کہ در پیش تمام چیلینجز سے نمٹا نہ جا سکے اور دین ودنیا کی شرطیہ کامیابی اس کا مقدر نہ بن جائے۔

اس موقع پر وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواج پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.