جہلم میں نماز فجر اور بچوں کے سکول کی تیاری کے اوقات میں بجلی کی بندش کا سلسلہ نہ رک سکا

جہلم: آئیسکو و اپڈا سرکل جہلم کے حکام کی ہٹ دھرمی، نماز فجر اور بچوں کے سکول کی تیاری کے اوقات میں بجلی کی بندش کا سلسلہ نہ رک سکا، صارفین سخت ذہنی ازیت میں مبتلا ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئیسکو حکام کی ناقص حکمت عملی کیوجہ سے سردیوں کے موسم میں بھی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، آئیسکو سرکل جہلم کے حکام کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے گرمیوں اور سردیوں میں تواتر کے ساتھ اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ آئیسکو سرکل جہلم کی تمام سب ڈویژن میں تعینات لائن مین خصوصاً جو رات کے اوقات میں ڈیوٹی سرانجام دیتے ہیں صبح ہونے سے قبل ہی اپنے اپنے گھروں کو چلے جاتے ہیں اس طرح صبح 4 بجے سے ساڑھے 9 بجے تک آنے والے فالٹ ٹھیک ہونے کی بجائے دفتروں میں موجود عملہ نئی شفٹ آنے کی نوید سنا کر اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برا ہوجاتے ہیں۔
صارفین واپڈا نے آئیسکو چیف اسلام آباد سے مطالبہ کیاہے کہ آئیسکو سرکل جہلم میں ہونے والی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے احکامات جاری کئے جائیں اور ڈیوٹی پر معمور ہونے والے ملازمین کو متبادل ملازم آنے تک ڈیوٹیاں سرانجام دینے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہری بجلی کی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔