جہلم جی ٹی روڈ پر جگہ جگہ بارشی پانی جمع، ٹرانسپورٹرز سمیت مقامی افراد کو جی ٹی روڈ پرسے گزرنا محال

جہلم: جی ٹی روڈ پر جگہ جگہ بارشی پانی جمع ہونے سے ٹرانسپورٹرز سمیت مقامی افراد کو جی ٹی روڈ پرسے گزرنا محال، جی ٹی روڈ پر جگہ جگہ گڑھوں کیوجہ سے موٹر سائیکل سوار حادثات کا شکار ہونے لگے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کی سب سے بڑی اور اہم شاہراہ جی ٹی روڈ تعمیر و مرمت نہ ہونے سے کھنڈر میں تبدیل ہوتی جارہی ہے، جس روڈ پر سے تجارتی سرگرمیوں سمیت ملکی معیشت کا پہیہ رواں دواں ہے اسی روڈ کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا ، جس کیوجہ سے اہم شاہراہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوتی جارہی ہے، آئے روز جی ٹی روڈ پر گڑھے بنتے جارہے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کی قیمتی گاڑیاں کھٹارہ بن رہی ہیں۔
شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی، کارروباری، شہری تنظیموں کے عمائدین سمیت ٹرانسپورٹرز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ روزانہ لاکھوں کی تعداد میں گاڑیاں جی ٹی روڈ پر سے گزرتی ہیں اور لِلہ تا جہلم 2 رویہ سڑک تعمیر مکمل ہونے کے بعد جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا رش مزید بڑھ جائے گا، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے بروقت جی ٹی روڈ کی تعمیر ومرمت کی اشد ضرورت ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جی ٹی روڈ سے ملحقہ سروس روڈ پر بااثر دکانداروں نے دکانیں سجا کر تجاوزات قائم کر رکھی ہیں جس سے اندرون شہر کی ٹریفک کو گزرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بروقت جی ٹی روڈ کی تعمیر و مرمت کروائی جائے اور این، ایچ اے کی انتظامیہ کو سروس روڈ پر قائم تجاوزات کو ختم کروانے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں آسانی پیدا ہوسکے اور ٹریفک کا بہاؤ بہتر انداز میں ہو سکے۔