ضلع جہلم میں رواں سال کی پہلی بارش نے ٹھنڈک میں اضافہ کر دیا

جہلم: گزشتہ روز سارا دن وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے ٹھنڈک میں اضافہ کر دیا، ٹھنڈی ہوائیں چلنے اور موسم سرد ہونے کی وجہ سے شہری موسم سے لطف اندوز ہونے اور گرما گرم پکوانوں کیلئے بازاروں میں پہنچ گئے، مچھلی، مرغی، پکوڑوں، سموسوں، یخنی، کارن سوپ، سبزی، چکن رول اور فرائی مچھلی کھاتے رہے۔
رپورٹ کے مطابق خشک سردی کی لہر نے شہریوں کو مشکلات میں پھنسا رکھا تھا جس کیوجہ سے شہری بارش کیلئے دعائیں کرتے دکھائی دیتے تھے، منگل اوربدھ کی درمیانی شب سے گہرے بادلوں نے آسمان پر اپنے ڈیرے جمائے اس طرح بدھ کے روز سارا دن جم کر بادل وقفے وقفے سے برستے رہے جس سے سردی میں اضافہ ہو گیا۔
شہریوں نے گرما گرم کھانے کھانے کیلئے بازاروں کا رخ کرلیا جہاں پر انہوں نے مزید ار اور اپنی من پسند کے کھانے کھائے مچھلی، مرغی سموسوں کی دکانوں پر رش لگا رہا، بازاروں میں فرائی مچھلی مختلف اقسام کی 1500 سے 2500 روپے فی کلو فروخت ہو تی رہی جبکہ سنگھاڑہ، چڑا مچھلی 2000 روپے سے 2200 روپے تک فروخت ہوتی رہی۔
توے پر فرائی مچھلی بھی اسی طرح قیمت ادا کرکے شہری لطف اندوز ہوتے دکھائی دیئے ، چکن روسٹ اور فرائی کی قیمت بھی 800 روپے سے1200 روپے تک وصول کی جاتی رہی ، اسی طرح مرغ کی یخنی کا ڈسپوزل کپ 120 روپے سے 150 روپے اور دیسی انڈہ 50 روپے میں فروخت ہوا، بازاروں میں شہری گرما گرم کھانے کھاتے سردی کو بھگاتے نظر آئے۔