شدید سردی بچوں کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ ڈاکٹر چوہدری نعیم غفار

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شعبہ اطفال کے انچارج ڈاکٹرچوہدری نعیم غفار نے کہا ہے کہ موسم سرما میں اچانک تبدیلی سے سردی بچوں کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ دمہ کے مریض بچوں کو سرد ہواؤں سے بچائیں جبکہ بچے کیلئے ماں کا دودھ بہترین غذا ہے۔ والدین حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کروا کے اپنے بچوں کو ہمیشہ کی معذوری سے محفوظ بناسکتے ہیں۔
انہوں نے مقامی صحافیوں سے خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ بڑھتی ہوئی سردی بچوں کیلئے انتہائی خطرناک ہے اس میں والدین بچوں کو سردی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ دمہ کے مرض میں مبتلا بچوں کو ٹھنڈی ہواؤں سے دور رکھیں۔ گھر سے باہر نکلتے وقت منہ پر ماسک ضرور لگائیں۔
انہوں نے کہا کہ گھر میں کسی بڑے کو سردی کے باعث نزلہ ، زکام ،کھانسی ہو تو اس سے چھوٹے بچوں کو دور رکھنا چاہیے کیونکہ یہ بچوں میں نمونیہ کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ نمونیہ سے بچاؤ کیلئے سردی سے بھی بچانا انتہائی ضروری ہے۔ حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کروانا والدین کے لئے انتہائی ضروری ہے ایسا نہ کرنے سے بچے زندگی بھر کیلئے معذور ہو سکتے ہیں۔
ڈاکٹر چوہدری نعیم غفار نے کہا کہ بچوں میں کسی بھی بیماری کی صورت میں گھریلو ٹوٹکوں سے پرہیز کرتے ہوئے مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ سرکاری ہسپتالوں میں تمام ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ بچوں کو کھانسی میں شہد دینا مفید ثابت ہوتا ہے اس لیے دودھ یا نیم گرم پانی میں شہد کا استعمال کروائیں تاکہ بچے بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔