جہلم کی سڑکیں اور بازار تجاوزات مافیا کے نرغے میں، بااثر دکانداروں نے فٹ پاتھوں پر دکانیں سجا لیں

جہلم: شہر کی سڑکیں بازار تجاوزات مافیا کے نرغے میں، بااثر دکانداروں نے فٹ پاتھوں پر دکانیں سجا لیں، شہریوں کا پیدل چلنا محال، شہریوں نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی /ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق بااثر تجاوزات مافیا نے شہر کی سڑکوں فٹ پاتھوں پر دکانیں سجا کر پیدل چلنے والوں کے لئے مشکلات پیدا کر رکھی ہیں، میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کی سرپرستی میں جہاں شہر کے بازاروں میں تجاوزات کی بھرمار ہے وہیں پر ریلوے روڈ، تحصیل روڈ، سول لائن روڈ کے ساتھ ساتھ اولڈ جی ٹی روڈ پر موجودفٹ پاتھ بھی تجاوزات مافیا سے نہیں بچ سکے۔
بلدیاتی نمائندوں کی فراغت کے بعد شہریوں نے اپنی امیدیں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سے وابستہ کر رکھی تھیں مگر موجودہ صورتحال میں شہریوں کو سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ خریداری کے لئے آنے والی خواتین ، بزرگ، بچوں کو پیدل چلنے میں خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، دکانداروں نے فٹ پاتھوں پر دکانیں سجا کر پیدل چلنے والوں کے لئے رکاوٹیں قائم کر رکھی ہیں جس سے شہری مجبوراً سڑکوں پر سے گزرتے ہیں، اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی / ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو نے شہریوں کے مسائل سے مکمل لا تعلقی اختیار کر رکھی ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، صوبائی وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر اور ملحقہ علاقوں میں تجاوزات مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کرکے پیدل چلنے والوں کے لئے فٹ پاتھ اور سڑکوں کو واگزار کروایا جائے تاکہ شہری باآسانی سڑکوں پر سے گزر سکیں اور بازاروں سے خریداری کر سکیں۔