جہلم میں تجاوزات کی بھرمار، خریداری کیلئے آنے والے صارفین کو پیدل چلنے میں مشکلات کا سامنا

جہلم: شہر میں تجاوزات کی بھرمار، بازار میں خریداری کے لئے آنے والے صارفین کو پیدل چلنے میں مشکلات کا سامنا، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے بازاروں اور گلیوں خصوصاً تحصیل روڈ، مین بازار ، نیا بازار، کناری بازار، چوک گنبد والی مسجد، مرغی بازار، سول لائن روڈ، ریلوے روڈ، مشین محلہ روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ، کمیلا روڈ، کچہری روڈ پولیس لائن سمیت ملحقہ گلی محلوں میں ناجائز تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کیوجہ سے خریداروں کا چلنا پھرنا بھی دشوار ہوکر رہ گیاہے۔
ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کمیٹی کی عدم دلچسپی کیوجہ سے صارفین کا بازاروں کے اندر خریداری کرنا ایک ڈراؤنا خواب بن چکا ہے ، دکانداروں کی جانب سے 3 فٹ کی اجازت کی بجائے بااثر دکانداروں نے کئی کئی فٹ تک تجاوزات قائم کرکے بازاروں میں پیدل چلنے والوں کے لئے مشکلات پیدا کر رکھی ہیں۔
شہری، سماجی، رفاعی، فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیا ت سے جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں قائم ہونے والی تجاوزارت کے خلاف آپریشن کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔