جہلم میں رواں سال کی پہلی پولیو مہم کا آغاز 16 جنوری سے ہو رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ

0 13

جہلم: ضلع بھر میں رواں سال کی پہلی پولیو مہم کا آغاز 16 جنوری سے ہو رہا ہے جو 20 جنوری تک جاری رہے گی، اس دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 21 ہزار سے زائد بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے ساتھ وٹامن A کے کیپسول دیے جائیں گے۔

اس سلسلے میں انتظامات کا جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ کی زیرصدرات منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تنویر احمد، انفارمیشن، ڈبلیو ایچ او نمائندہ، ایجوکیشن اور دیگر محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ 16 جنوری سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے دوران ضلع جہلم کی 56 یونین کونسلز میں 2 لاکھ 21 ہزار سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، پولیو مہم میں 1094 موبائل ٹیمز، 74 فکسڈ ٹیمز اور 24 ٹرانزٹ ٹیمز حصہ لیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیو مہم کے لیے ویکسی نیشن اور سپروائزری سٹاف کی تعیناتی و تربیت سمیت دیگر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، پولیو مہم کے دوران تمام تر انتظامات کو مربوط انداز میں حتمی شکل دے کر جامع پلان پر حسب اہداف عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مہم کے دوران ٹارگٹس کو ہر صورت پورا کیا جائے اور مسنگ اور ریفیوزل کیسز کو لازمی کور کیا جائے، انہوں نے پولیو ورکرز کی ٹریننگ و سیکورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے والدین سے بھی اپیل کی کہ پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور لازمی پلائیں تاکہ بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے اور پاکستان اس وائرس کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.