پی ٹی آئی فواد چوہدری کی قیادت میں ضلع بھر سے کلین سویپ کرے گی۔ فراز چوہدری

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین نے کہا ہے کہ ضلع کے عوام اپنے قائد عمران خان کے ساتھ عقیدت کی حد تک محبت کرتے ہیں۔ ضلع جہلم کے حقیقی لیڈر چوہدری فواد حسین ہیں جنھوں نے خدمت کی سیاست کو متعارف کرایا ہے وہ ہی سیاست کا محور و مرکز ہیں۔
انہوں نےکہا کہ ضلع کی سیاست میں ان کا کوئی ثانی نہیں ۔ چوہدری فواد حسین این اے61 کے مضبوط ترین امیدوار اور پی ٹی آئی کی جیت کی ضمانت ہیں۔ چوہدری فواد حسین کے عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھانے کیلئے ہم پر عزم ہیں اپنی خدا داد صلاحیتوں کی بدولت ان کو سیاست میں اہم مقام حاصل ہے۔
انھوں نے کہا کہ جب بھی الیکشن ہوئے چوہدری فواد حسین اور ان کی پوری ٹیم پوری قوت کے ساتھ ضلع جہلم کے قومی و صوبائی حلقوں میں اترے گی اور تحریک انصاف چوہدری فواد حسین کی قیادت میں ضلع بھر سے کلین سویپ کرے گی۔
چوہدری فراز حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت کے تجربہ کاروں نے عوام کو تاریخ کی بدترین مہنگائی کا تحفہ دے کر ان کی زندگیاں اجیرن بنادی ہیں اب تو عوام ان سے نجات حاصل کرنے کیلئے نوافل ادا کرتے اوربد دعائیں دیتے دکھائی دیتے ہیں ، خدانخواستہ اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو عوام خود سڑکوں پر نکل کر ان کو اقتدار کے ایوانوں سے باہر پھینک دیں گے۔