جہلم میں تجاوزات مافیا نے بازاروں اور سڑکوں پر جگہ جگہ ریڑھیاں، لوڈر رکشے اور پختہ ٹھیے قائم کر لئے

0 307

جہلم: انتظامیہ کی کھلی چھوٹ تجاوزات مافیا نے جی ٹی روڈسے ملحقہ سروس روڈ اور اندرون شہر کے بازاروں ،سڑکوں پر جگہ جگہ ریڑھیاں ، لوڈررکشے اورپختہ ٹھیے قائم کر لئے ، سڑکیں اور بازار تنگ ہو کر رہ گئے۔

میونسپل کمیٹی کے اہلکار اپنے مفادات کی خاطر فرضی کارروائیوں میں مصروف، شہر میں تجاوزات کی بھر مارفٹ پاتھوں پردکانداروں نے اپناسامان سجا لیا۔ ٹریفک جام رہنا روزانہ کا معمول بن گیا اس صورتحال پر میونسپل کمیٹی انکروچمنٹ کا عملہ تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیا ں کرنے سے گریزاں ہے۔

شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بااثر دکانداروں نے جی ٹی روڈ سے ملحقہ سروس روڈ ، چوک چوراہوں اور اندرون شہر کے بازاروں میں ریڑھیاں ، لوڈررکشے اور ٹھیے لگا کر اندرون شہر کی سڑکوں اور بازاروں کو تنگ گلیوں میں تبدیل کرکے رکھ دیاہے۔

موجودہ صورتحال میں ، مشین محلہ روڈ، جادہ روڈ، سول لائن روڈ، تحصیل روڈ، میجر اکرم شہید روڈ، محمدی چوک روڈ، کمیلا روڈ، پولیس لائن روڈ، مین بازار، کناری بازار، نیا بازار ، روہتاس روڈ چوک سمیت جی ٹی روڈ سے ملحقہ سروس روڈ پر دونوں اطراف ریڑھیاں ، لوڈر رکشے ، دکانداروں نے پختہ ٹھیے بنا کر قبضے جما رکھے ہیں جو کہ میونسپل کمیٹی اور این ایچ اے کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔

شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی ٹی رو ڈ سے ملحقہ سروس روڈ ، اندرون شہر کی سڑکوں ، چوک چوراہوں کو تجاوزات مافیا سے واگزار کروایا جائے اور پختہ تعمیرات کرنے والے مافیا کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ شہری ، مسافر اور صارفین اپنی آمد ورفت احسن طریقے سے جاری رکھ سکیں۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.